دورہ انگلینڈ و آئرلینڈ کیلئے 18 رکنی پاکستانی سکواڈ کا اعلان

دورہ انگلینڈ و آئرلینڈ  کیلئے  18  رکنی  پاکستانی  سکواڈ  کا اعلان

لاہور (سپورٹس ڈیسک )قومی سلیکشن کمیٹی نے دورہ انگلینڈ اور دورہ آئرلینڈ کیلئے 18 رکنی پاکستانی سکواڈ کا اعلان کر دیا۔ فاسٹ بالر حارث رؤف کے ساتھ آل راؤنڈر حسن علی اور سلمان علی آغا کو سکواڈ میں دوبارہ شامل کیا گیا ۔

قومی سلیکشن کمیٹی کے ارکان نے قذافی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ٹیم میں بابر اعظم(کپتان)، ابرار احمد، اعظم خان، فخر زمان ،حارث رؤف، حسن علی، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد عباس آفریدی، محمد عامر، محمد رضوان، عرفان خان نیازی، نسیم شاہ، صائم ایوب ،سلمان علی آغا، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان خان شامل ہیں۔اسامہ میر کی جگہ حارث رؤف کو شامل کیا گیا ہے ۔سلیکشن کمیٹی کے رکن محمد یوسف نے کہا کہ ہم سب اکٹھے ہیں اور اپنا بیسٹ دے رہے ہیں۔عبدالرزاق نے کہا کہ ہمارے پاس ورلڈ کپ سکواڈ کا اعلان کرنے کیلئے ٹائم ہے ۔ وہاب ریاض نے کہاکہ ہم سب ایک پیج پر ہیں، امید ہے کہ حارث انگلینڈ سیریز تک فٹ ہوجائیگا، 22مئی کو انگلینڈ کیخلاف پہلے میچ کے بعد ہم ورلڈ کپ سکواڈ کا اعلان کردینگے ۔ عثمان خان نے پی ایس ایل میں بہترین کارکردگی دکھائی، وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں اس طرح سے کامیاب نہیں ہوسکے مگراسے وقت دینا پڑے گا۔عبدالرزاق نے کہا کہ صائم ایوب نیوزی لینڈ میں کارکردگی نہ دکھا سکے لیکن وہ باصلاحیت ہیں، ہمیں پھر بھی امید ہے کہ وہ اچھا پرفارم کریں گے ۔پاکستانی ٹیم لاہور میں 4 سے 6 مئی تک 3 روزہ تربیتی کیمپ کے بعد 7 مئی کو ڈبلن کیلئے روانہ ہوگی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں