ٹی 20 ورلڈ کپ:سرویوین رچرڈز کو ٹیم پاکستان کا مینٹور بننے کی پیشکش

ٹی 20 ورلڈ کپ:سرویوین رچرڈز کو  ٹیم  پاکستان  کا مینٹور  بننے  کی  پیشکش

لاہور(سپورٹس ڈیسک )پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی20 ورلڈکپ میں قومی ٹیم کیلئے مینٹور رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کیلئے ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ بلے باز سر ویوین رچرڈز کو پیشکش کی گئی ہے اوران سے مذاکرات جاری ہیں ۔

ذرائع کا کہناہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ٹی 20ورلڈکپ کیلئے قومی ٹیم کا مینٹور رکھنے کی منظوری دے دی ہے اور اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ ویسٹ انڈیز کے سابق لیجنڈ بلے باز سر ویو ین رچرڈز سے رابطے میں ہے اور انہیں قومی ٹیم کا مینٹور بننے کی پیشکش کی گئی ہے ۔ سر ویو ین رچرڈز سے معاملات جلد طے پاجانے کا امکان ہے ، ان کو مینٹور بنانے سے کیریبین کنڈیشنز پر ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ کے دوران پاکستانی ٹیم کو مدد ملے گی۔سر ویوین رچرڈز پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بھی مینٹور ہیں۔امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ کے لئے پاکستان کے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان 22 مئی کو انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی20 انٹرنیشنل کے بعد کیا جائے گا جس کیلئے مشاورت پہلے ہی مکمل کرلی گئی ہے ۔ٹیم میں کپتان بابراعظم، محمد رضوان، صائم ایوب، فخرزمان، عثمان خان، اعظم خان، افتخار احمد، شاداب خان، عماد وسیم، ابرار احمد، عباس آفریدی، محمد عامر، نسیم شاہ ، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل ہونگے جبکہ حسن علی، آغا سلمان اور عرفان نیازی اضافی کھلاڑیوں کے طور پر ٹیم کے ساتھ رہیں گے ۔ذرائع کا کہناہے کہ مینٹور کا اعلان بھی ٹیم کے ساتھ کردیاجائے گا ،واضح رہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2022کے دوران میتھیو ہیڈن بطور مینٹور قومی ٹیم کیساتھ منسلک رہے تھے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں