ویسٹ انڈیز کو مات ،جنوبی افریقہ کی سیمی فائنل میں رسائی

ویسٹ انڈیز کو مات ،جنوبی افریقہ کی سیمی فائنل میں رسائی

اینٹی گوا (سپورٹس ڈیسک)آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ نے سخت مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز 3وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ پکی کرلی۔

بارش کے باعث میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئیس سسٹم کے تحت ہوا ، میزبان ویسٹ انڈیز نے 20 اوورز کھیل کر جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے 136 رنز کا ہدف دیا تھا، تاہم میچ بارش کے باعث روکا گیا جس کے بعد جنوبی افریقہ کا ہدف 136 سے 123 ہوگیا جو کے 17 اوورز میں مکمل کرنا تھا۔سر ویوین رچرڈزسٹیڈیم اینٹی گوا میں میں کھیلے گئے سپر ایٹ گروپ 2 کے میچ میں جنوبی افریقہ کے کپتان ایڈن مارکرم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔میزبان ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنا ئے ،روسٹن چیز 52 رنز بناکر نمایاں رہے ، کائل میئرز نے 35، آندرے رسل نے 15 رنز بنائے ،شائے ہوپ صفر، نکولس پورن اور کپتان پاؤل ایک، ایک ، عقیل حسین 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ الزاری جوزف 11 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔ پلیئر آف دی میچ تبریز شمسی نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔جنوبی افریقہ کی اننگز کے وقت بارش شروع ہوگئی اور میچ روک دیا گیا جس کے باعث میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لئے 17 اوورز تک محدود کر دیا گیا اور جنوبی افریقہ کو جیت کے لئے 123 رنز کا ہدف ملا جو بعد میں جنوبی افریقہ نے سخت مقابلے کے بعد پانچ گیندوں قبل مطلوبہ ہدف حاصل کر کے ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو نہ صرف میچ میں 3 وکٹوں سے ہرا دیا بلکہ میگا ایونٹ کے سیمی فائنل کے لئے بھی کوالیفائی کرلیا ۔جنوبی افریقہ کے ٹرسٹن سٹبز 29، ہنرک کلاسین 22، کپتان ایڈن مارکرم 18 اور کوئنٹن ڈی کک 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ مارکو جانسن نے ناقابل شکست 21 رنز بنائے ۔ روسٹن چیز نے 3، آنڈرے رسل اور الزاری جوزف نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں