وزیراعظم کی جان شیر خان کے علاج کیلئے اقدامات کی ہدایت

وزیراعظم کی جان شیر خان کے علاج کیلئے اقدامات کی ہدایت

اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سکواش کے مایہ ناز کھلاڑی اور سابق عالمی و برٹش اوپن چیمپئن جان شیر خان نے ملاقات کی۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو جان شیر خان کے علاج معالجہ کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے جان شیر خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سکواش کے کھیل کو مقبول بنانے اور اس کھیل کے فروغ کیلئے آپ کی خدمات قابل قدر ہیں، آپ نے اپنے کھیل کے ذریعے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا۔ پوری قوم کو آپ کی کامیابیوں پر فخر ہے ، حکومت ملک میں سکواش سمیت تمام کھیلوں کے فروغ کیلئے خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان اور سپورٹس کی بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔سکواش کے کھلاڑی جان شیر خان نے کہا کہ میں وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے تعاون کا یقین دلایا ہے ، اس ملک کیلئے خدمات کا اعتراف وزیر اعظم کا ویژن ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں