ارشد ندیم کا گورنر ہاؤس سندھ میں جیولن تھرو کا مظاہرہ

 ارشد ندیم کا گورنر ہاؤس سندھ میں جیولن تھرو کا مظاہرہ

کراچی(سپورٹس ڈیسک ) اولمپکس 2024 میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کے اعزاز میں گورنر ہاؤس سندھ میں شاندار تقریب منعقد کی گئی۔۔

 جس میں پاکستان کی انڈر 15 فٹبال ٹیم اور دنیا بھر کے مختلف ممالک کے قونصل جنرلز نے شرکت کی اورارشد ندیم نے گورنر ہاؤس کے لان میں جیولن تھرو کا مظاہرہ کیا۔گورنر سندھ نے اعلان کیا کہ گورنر ہاؤس کی جانب سے پاکستان کی انڈر 15 فٹبال ٹیم کو دس لاکھ روپے اور ٹیم کے کوچ رشید احمد کو پانچ لاکھ روپے انعام کے طور پر دیے جائیں گے ، ڈاکٹر ریحان چاولہ کی جانب سے ہر بچے کو ایک لاکھ روپے اور ایک موٹرسائیکل دی جائے گی۔تقریب کے دوران منتظمین نے بتایا کہ ناروے کپ کے مقابلے میں 136 ممالک کی ٹیمیں شامل تھیں اور پاکستان کی انڈر 15 ٹیم نے دس میچز کھیل کر فائنل میں جگہ بنائی۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ارشد ندیم کی کامیابیوں کو سراہا اور پاکستان کی انڈر 15 فٹبال ٹیم کو مبارکباد پیش کی، انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس ہمیشہ ان کھلاڑیوں کے لیے کھلا رہے گا جنہوں نے پاکستان کا نام روشن کیا۔ڈاکٹر ریحان چاولہ نے ارشد ندیم کے لیے ایک پلاٹ کا بھی اعلان کیا، گورنر سندھ نے سپورٹس کو بھی گورنر ہاؤس انیشیٹیو میں شامل کرنے کا عزم ظاہر کیا اور اعلان کیا کہ جنوری میں کراچی میراتھن کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ہر شخص کو شرکت کا موقع ملے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں