بنگلہ دیش نے ٹیسٹ سیریز جیت لی،پاکستانی ٹیم کی سرجری کر دی

بنگلہ دیش نے ٹیسٹ سیریز جیت لی،پاکستانی ٹیم کی سرجری کر دی

راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)بنگالی ٹائیگرز نے شاہینوں کاگھر میں شکار کرلیا،بنگلہ دیش نے پاکستان کودوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی اور تاریخ میں پہلی بار گرین شرٹس کو وائٹ واش کردیا،پاکستان کرکٹ ٹیم کو تاریخ میں دوسری مرتبہ اپنی سرزمین پر حریف کے ہاتھوں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

 حال ہی میں انگلینڈ نے پاکستان کو تین صفر سے شکست دے کر تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان کو اس کے ہوم گرائونڈ پر وائٹ واش کیا تھا۔سابق ٹیسٹ کرکٹرکامران اکمل کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سرجری کرنے کا کہاتھا ان کی بجائے بنگلہ دیش کی ٹیم نے سرجری کردی ۔پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے اورآخری ٹیسٹ میں مہمان بنگالی ٹیم نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 185 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔بنگلہ دیش کے اوپنرز ذاکر حسن 40 اور شادمان اسلام 24 رنز بناکر آئوٹ ہوئے جبکہ نجم الحسین شانتو 38 اور مومن الحق 34 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ،مشفق الرحیم 22اور شکیب الحسن 21رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے ۔پاکستان کی جانب سے میر حمزہ، خرم شہزاد، ابرار احمد اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔راولپنڈی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستانی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوئی اور 172 رنز بنا کر آل آئوٹ ہوگئی ۔پاکستان کی آدھی ٹیم صرف 65 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی، محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور پاکستان کا سکور 136 رنز تک پہنچایا، محمد رضوان نے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔ سلمان علی آغا نے پھر ٹیل اینڈرز کے ساتھ رنز بنانے کی کوشش کی، وہ 47 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے جبکہ دوسری جانب سے وکٹیں گرتی رہیں اور پوری ٹیم آئوٹ ہوگئی۔ عبداللہ شفیق 3، صائم ایوب 20، شان مسعود 28، بابر اعظم 11، سعود شکیل اور ابرار احمد 2،2 جبکہ میر حمزہ 4 رنز بنا سکے ، خرم شہزاد اور محمد علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے ۔بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود نے 5، ناہید رانا نے 4 جبکہ تسکین احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 274 رنز بنا کر آل آئوٹ ہوگئی جس کے جواب میں بنگلہ دیش نے 261 رنز بنائے ۔شاندارسنچری سکورکرنیوالے لٹن داس کو پلیئرآف دی میچ جبکہ بنگلہ دیشی آل راؤنڈر مہدی حسن میراز کو پلیئرآف دی سیریز کے ایوارڈز سے نوازا گیا۔

یہ تاریخ میں دوسرا موقع ہے جب پاکستان کواپنی ہی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش شکست ہوئی ،حال ہی میں انگلینڈ نے پاکستان کو 0-3 سے شکست دے کر تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان کے ہوم گراؤنڈ پر وائٹ واش کیا تھا ۔پاکستان دو مرتبہ نیوٹرل وینیو پر بھی وائٹ واش کا شکار ہو چکا ہے ۔ 2002 میں آسٹریلیا نے متحدہ عرب امارات میں اور 2017 میں سری لنکا نے بھی متحدہ عرب امارات میں ہرایا ۔یہ پاکستان ٹیم کی مجموعی طور پر 17 ویں سیریز وائٹ واش شکست ہے ۔ 13 سیریز میں پاکستان حریف کے ہوم گراؤنڈ پر ہارا ہے ۔پاکستان ٹیم کو آسٹریلیا میں 1972، 1999، 2004، 2009، 2016 اور 2023 کی سیریز اورجنوبی افریقہ میں 2002، 2013 اور 2018 کی سیریز ،نیوزی لینڈ میں 2016 اور 2020 کی سیریز جبکہ سری لنکا میں 2014 کی سیریز میں وائٹ واش شکست ہوئی تھی ۔کامران اکمل نے دنیا نیوز کے پروگرام دنیا مہر بخاری کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے غلطیاں اب دیکھی ہیں ؟ ، یہ تو پہلے سے ہی ہوتی آ رہی ہیں ، میں نے اس سے بری کرکٹ پہلے نہیں دیکھی ، ٹیم کی خراب کارکر دگی کی ذمہ دار مینجمنٹ ہے ، چیئرمین پی سی بی کومعاملے پر نوٹس لینا چا ہئے ، چیئر مین پی سی بی نے سرجری کرنے کا کہا تھا ،چیئر مین کے بجائے بنگلہ دیش کی ٹیم نے سرجری کر دی ۔ 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں