پاک انگلش کھلاڑیوں کی ایک ساتھ بھرپور مشقیں

پاک  انگلش  کھلاڑیوں  کی  ایک  ساتھ  بھرپور  مشقیں

ملتان (خصوصی رپورٹر)پاکستان اور انگلینڈ کے کھلاڑیوں نے پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل ملتان سٹیڈیم میں ایک ساتھ بھرپورمشقیں کیں ۔

 پاکستانی ٹیم ایک روز ہ وقفے کے بعد سٹیڈیم پہنچی جبکہ انگلش ٹیم نے مسلسل دوسرے روز پریکٹس کی ۔کھلاڑیوں نے ابتد میں فزیکل ٹریننگ کی اوراسکے بعدکافی دیر نیٹ پر باؤلنگ و بیٹنگ پریکٹس کرتے رہے ۔ سٹیڈیم میں 2 نیٹس لگائے گئے اور ایک ایک نیٹ دائیں اور بائیں کونے میں تھا۔یوں چاروں جانب بائولنگ،بیٹنگ اوررننگ کے مناظر ایک ساتھ دیکھنے کو ملے ،دونوں ٹیموں کے تمام پلیئرز اس میں شریک تھے اور کوچز خاصی محنت کرتے دکھائی دیئے ۔ادھر قومی ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان سعودشکیل نے سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ٹیم کا مورال اچھا ہے اور کوئی گروپنگ نہیں ہے ، سب کا فوکس اچھا کھیلنا ہے ، انگلینڈ کیخلاف اچھا فنش کرینگے ، انگلش ٹیم جارحانہ انداز میں کھیلتی ہے ، اس میں غلطیاں بھی ہوتی ہیں اس لیے کوشش ہو گی کہ ان سے زیادہ غلطیاں کروا کر سیریز جیتیں۔ مجھے ابھی یقین نہیں ہے پچ پر گراس ہو گی یا نہیں، اس لیے ابھی پلان کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔ بابر اعظم کے کپتانی چھوڑنے کا تعلق وائٹ بال سے ہے اور ہم ریڈ بال کرکٹ کھیل رہے ہیں اس لیے کچھ نہیں کہہ سکتا، استعفیٰ دینا ہر کسی کا اپنا فیصلہ ہے ۔ شاہین آفریدی کی فٹنس کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا، ہم ضرورت کے مطابق کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں، جب ضرورت ہوتی ہے تو ہم تیز کھیلتے ہیں۔ کپتان کے پاس دیکھنے کے لیے زیادہ چیزیں ہوتی ہیں جبکہ نائب کپتان پر اس طرح کا دباؤ نہیں ہوتا، بنگلادیش کی سیریز ماضی کا حصہ ہو چکی اب ہمارا فوکس آگے ہے ۔ ملتان میں ریورس سوئنگ دیکھنے کو ملے گی۔دریں اثنا انگلش ٹیم کے بیٹر جو روٹ نے میڈیاسے گفتگومیں کہا کہ پاکستانی ٹیم کو اپنی کنڈیشنز کا فائدہ ہو سکتا ہے ۔ ہماری گزشتہ سیریز کی اچھی یادیں ہیں، کچھ کھلاڑی ناتجربہ کار ہیں لیکن سب پُرجوش ہیں، کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ ہے ، توقعات پر پورا اتر سکتے ہیں، ہم اپنے پلان کے مطابق کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔ ابھی پچ نہیں دیکھی، ہو سکتا ہے کہ بولر فرینڈلی پچ ہو، میں معیاری کرکٹ کھیلنے کی کوشش کرتا ہوں، نمبرز پر یقین نہیں رکھتا، اپنے گیم سے لطف اندوز ہوتا ہوں۔ پاکستان ٹیم کا اسکل لیول ہے ، کبھی غلط اندازہ نہیں لگایا ہے ، پاکستان ٹیم میں میچ ونر ہوتے ہیں، ہمیں اپنے کھیل پر فوکس کر کے اچھا کھیلنا ہے ، ہمارا فوکس اس پر نہیں ہے کہ ماضی میں کیا ہوا۔ ہمیں رنز بنانے اور پھر 20 وکٹیں حاصل کرنی ہیں، بین سٹوکس اچھی پریکٹس جاری رکھے ہوئے ہیں اور کھیلنے کے لیے بے تاب ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں