دوسرے ٹیسٹ کیلئے پہلے میچ والی پچ استعمال کرنے کا فیصلہ
ملتان(سپورٹس رپورٹر)پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ملتان میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے پہلے ٹیسٹ میچ والی پچ کو ہی استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پچ کو ٹرننگ ٹریک بنانے کیلئے وکٹ کے اطراف میں بڑے بڑے پنکھے لگا کر وکٹ کو خشک کیاگیا۔
پہلے ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم کے ہاتھوں اننگز کی شکست سے دوچار ہونے کے بعد پاکستان نے یہ فیصلہ کیا ہے ۔ قومی ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کو یہ فیصلہ پسند نہیں آیا اور انہوں نے گزشتہ روز کپتان شان مسعود کے ساتھ پچ کا معائنہ کیا جبکہ ہیڈ کوچ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہیڈ کیوریٹر ٹونی ہیمنگ سے بھی پچ کے حوالے سے بات چیت کی۔دوسرے ٹیسٹ میچ کی وکٹ کو سپن فرینڈلی بنانے کیلئے اس پر اضافی پانی چھوڑا گیا جبکہ پہلے ٹیسٹ میچ میں باؤلرز کے پیروں کے نشانات، پنکھوں اور سخت دھوپ نے پچ میں مزید دراڑیں پیدا کردی ہیں۔پاکستان کی جانب سے یہ فیصلہ غیر معمولی ہے ، تاہم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے پچ کے ضوابط میں پچ اور آؤٹ فیلڈ کو بہترین ممکنہ حالت میں ہونے کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ وکٹ کے استعمال ہونے یا غیر استعمال شدہ ہونے کی کوئی شرط عائد نہیں ہوتی۔پاکستان کرکٹ ٹیم کو لگاتار 11 ہوم ٹیسٹ میچز میں شکست کے بعد پچ کو تبدیل نہ کرنے کا یہ فیصلہ اہمیت کا حامل ہے ۔