راولپنڈی ٹیسٹ : گرین شرٹس کی پوزیشن مستحکم : انگلش ٹیم کے 3 وکٹ پر 24 رنز ، 53 رنز کا خسارہ

راولپنڈی ٹیسٹ  :  گرین شرٹس کی پوزیشن مستحکم : انگلش  ٹیم  کے  3 وکٹ  پر  24  رنز  ،  53 رنز  کا  خسارہ

راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)راولپنڈی ٹیسٹ میں گرین شرٹس کی پوزیشن مستحکم اور مہمان انگلش ٹیم مشکلات سے دوچار ہوگئی۔

 تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے روزانگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں 3وکٹوں پر24رنز بنا لئے اوراسے پاکستان کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید53رنز درکار ہیں ۔قبل ازیں پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 344رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور انگلینڈ پر 77رنز کی برتری حاصل کرلی۔ نائب کپتان سعود شکیل نے شاندار سنچری سکور کی ۔پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانیوالے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنے پہلے روز کے سکور 73 رنز تین کھلاڑی آئوٹ پر اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز کیاتو99 رنز کے مجموعی سکور پر پاکستان کی چوتھی وکٹ گر گئی،کپتان شان مسعود26 رنز بنا کرشعیب بشیر کی گیند پر اولی پوپ کے ہاتھوں کیچ ہو گئے ۔ 151 کے مجموعی سکور پر پانچویں وکٹ گر گئی جب محمد رضوان 25 رنز بنا کر ریحان احمد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہو گئے ۔155رنز چھٹی وکٹ گر گئی،سلیمان علی آغا صرف ایک رن بنا کر ریحان احمد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔ 177رنز پر ساتویں وکٹ گر گئی،عامر جمال 14 رنز بنا کر ریحان احمد کی گیند پر بولڈ ہو گئے ۔ نائب کپتان سعود شکیل نے 181 گیندوں پر چارچوکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی،ان کی سنچری میں 71سنگل رنز تھے ۔یہ سعود شکیل کی چوتھی ٹیسٹ سنچری ہے ۔ 265 رنز پر آٹھویں وکٹ گر گئی،نعمان علی 45 رنز بنا کرشعیب بشیر کی گیندپرایل بی ڈبلیو ہوگئے ۔سعود شکیل اور نعمان علی کے درمیان آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 88 رنز بنے ۔ 337رنز پر کی نویں وکٹ گر گئی،سعود شکیل 134 رنز بنا کر اٹکنسن کی گیند پر پوٹس کے ہاتھوں کیچ ہو گئے ،سعود شکیل اور ساجد خان نے نویں وکٹ کی شراکت میں 72 رنز بنائے ۔ پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 344 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی،زاہد محمود بغیر کوئی رنز بنائے ریحان احمد کی گیند پر بولڈ ہو گئے ۔ساجد خان 48 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ، انگلینڈ کی جانب سے ریحان احمد نے 66رنز کے عوض چار، شعیب بشیر نے 129رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کی۔ دوسرے روز کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں 3وکٹوں کے نقصان پر24رنز بنا لئے ۔ بین ڈکٹ 12 رنز،زیک کرالی 2اوراولی پوپ صرف ایک رن بنا کرآئوٹ ہو ئے ،پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے دو جبکہ ساجد خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں