مزید3ویٹ لفٹرز کاممنوعہ ادویات کا استعمال ،پابندی کاامکان
اسلام آباد(زاہداعوان/سپورٹس رپورٹر) پاکستان کے مزید3قومی ویٹ لفٹرز ممنوعہ ادویات کا استعمال کرتے ہوئے پکڑے گئے ، تینوں کے ڈوپنگ ٹیسٹ مثبت آگئے اور اب انہیں پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اینٹی ڈوپنگ آرگنائزیشن آف پاکستان (ADOP) نے کچھ عرصہ قبل ایچ ای سی کے نیشنل گولڈ میڈلسٹ محمد یوسف اور پنجاب کے غلام حسین شاہد کے سرپرائز ڈوپ ٹیسٹ لاہور میں جبکہ واپڈا کے نیشنل سلور میڈلسٹ ارسلان رئوف کا ڈوپ ٹیسٹ گوجرانوالہ میں لیاتھا ۔ پاکستان سپورٹس بورڈ ذرائع کے مطابق تینوں اتھلیٹس کے ڈوپ ٹیسٹ پازیٹو آگئے ہیں اور اب انہیں تین سے چار سالہ پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتاہے ۔ پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کی عبوری کمیٹی کے ممبرکرنل(ر) ڈاکٹرحافظ ظفراقبال نے 'دنیا' کو بتایا کہ مذکورہ تینوں ویٹ لفٹرز کے ٹیسٹ اینٹی ڈوپنگ آرگنائزیشن آف پاکستان (ADOP) نے لیے تھے اور اب تینوں ویٹ لفٹرز کو پابندی کا سامنا کرنا پڑیگا۔