چیمپئینز ٹرافی:بھارت سکیورٹی جواز پر اپنے ہی جال میں پھنس گیا

چیمپئینز ٹرافی:بھارت سکیورٹی جواز پر اپنے ہی جال میں پھنس گیا

لاہور(سپورٹس ڈیسک )بھارتی کرکٹ بورڈ اور مودی سرکار کا پاکستان میں سکیورٹی کا جواز اس بار نہیں چلے گا کیونکہ اب کی بار انڈین کرکٹ بورڈ سخت شکنجے میں پھنس چکا ہے ۔

ذرائع کے مطابق انڈین کرکٹ بورڈ کا پاکستان میں آکر نہ کھیلنے کا آئی سی سی کو ممکنہ جواب یہ ہوسکتا ہے کہ سکیورٹی وجوہات کی بناپر حکومت ٹیم کو پاکستان کا سفر کرنے کی اجازت نہیں دے رہی، لیکن اس بار انڈین بورڈ کایہ موقف اس کے اپنے گلے کا ہڈی بن سکتاہے ۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے منظورہ کردہ ماسٹر سکیورٹی پلان کی قبولیت کے بعد اب بی سی سی آئی اور انڈین حکومت کے پاس ٹیم پاکستان نہ بھجوانے کا کوئی قانونی اور اخلاقی جواز باقی نہیں ہے ، اس موقف پر انڈیا کو آئی سی سی بورڈ ممبران کی مخالفت اور تنقید کا سامناکرنا پڑسکتا ہے ۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے پی سی بی نے کرکٹ آسٹریلیا اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی مشاورت سے ایک ماسٹرسکیورٹی پلان تیار کرکے آئی سی سی اور ٹرافی میں شریک تمام ممبر ممالک کو بھیجا تھا، اس ماسٹر سکیورٹی پلان کا ڈرافٹ دس اکتوبر کو بھارتی کرکٹ بورڈ کو بھی بھیجا گیاتھا۔بعد ازاں 21 اکتوبر تک آئی سی سی بورڈ اجلاس میں بھارت سمیت کسی ممبر ملک کی جانب سے اس پر کوئی اعتراض نہیں کیاگیا، پھر یہ ماسٹر سکیورٹی پلان آئی سی سی کے بورڈ اجلاس میں پیش کیا گیا تھا جسے سب نے قبول کر کے اس پر اسٹمپ لگائی تھی۔حیران کن طور پر اجلاس میں موجود انڈین حکام نے بھی سیکیورٹی پلان پر انگلی نہیں اٹھائی تھی۔ اس لیے بھارتی حکومت اور انڈین بورڈ اگر سکیورٹی کو جواز بناکر پاکستان میں نہ آنے کا رونا روتے ہیں تو اس کے لیے اس بار ان کو کلین چٹ ملنا آسان نہیں ہوگا۔بھارت کو سکیورٹی کے جواز پر آئی سی سی کے ساتھ بورڈ ممبران کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا ،آئی سی سی حکام کے ساتھ بورڈ ممبران کی جانب سے انڈین بورڈ کے خلاف ایونٹ کی ناکام بنانے کی کوششوں پر سخت ایکشن لیا جاسکتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں