9 مئی واقعات کی منصوبہ بندی کا کیس ،شاہ محمود سمیت 21 ملزمان پر فرد جرم عائد

لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے سانحہ 9 مئی کی منصوبہ بندی کے مقدمہ میں شاہ محمود قریشی سمیت 21 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔

لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج نے کوٹ لکھپت جیل میں پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف 9 مئی مقدمات کی سماعت کی۔

دوران سماعت عدالت نے سانحہ 9 مئی سے متعلق منصوبہ بندی کے الزام میں تھانہ ریس کورس میں درج مقدمہ میں شاہ محمود قریشی ،اعجاز چودھری اور عمر سرفراز چیمہ سمیت 21 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس میں لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا۔

احتجاج کے دوران پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے، مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جبکہ راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا جب کہ عمران خان، پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں