بلائنڈ ٹی 20 ورلڈکپ آج سے شروع : بھارت کیخلاف حریف ٹیموں کو واک اوور مل گیا

بلائنڈ  ٹی  20  ورلڈکپ  آج  سے  شروع  :  بھارت  کیخلاف  حریف  ٹیموں  کو  واک  اوور  مل گیا

لاہور ( سپورٹس ڈیسک )چوتھے بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز آج سے ہوگا،پہلے میچ میں پاکستان اور ساؤتھ افریقہ کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی جبکہ بھارت کیخلاف حریف ٹیموں کو واک اوور دیدیا گیا۔

بھارتی حکومت کے فیصلے نے بھارتی بلائنڈ ٹیم کو ایونٹ میں شرکت سے محروم کیا۔منتظمین نے ایونٹ کے میچز ری شیڈول کرنے کے بجائے بھارتی ٹیم کے خلاف ٹیموں کو واک اوور دیدیا ۔شیڈول کے مطابق آج کے میچ کیلئے بنگلہ دیش، 24 نومبر کو جنوبی افریقا اور 25نومبرکیلئے پاکستان کو بھارت کے خلاف واک اوور مل گیا ہے ۔ایونٹ کے شیڈول کے مطابق 26نومبر کو افغانستان اور 29 نومبر کو نیپال کو بھی بھارت کے خلاف میچ میں واک اوور ملا ہے ۔علاوہ ازیں گزشتہ روز بلائنڈ ٹی 20ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد الحمرا ہال میں کیا گیا، تقریب میں افغانستان، بنگلہ دیش،سری لنکا،ساؤتھ افریقہ اور پاکستان کی ٹیمیں شریک ہوئیں ،مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے کرکٹ شاٹ کھیل کر بلائنڈورلڈ کپ کا افتتاح کیا، اس موقع پر ٹی ٹونٹی بلائنڈورلڈ کپ کی ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی اور ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے پاکستان آنے والی غیر ملکی مہمان ٹیموں نے ٹرافی کے ہمراہ فوٹو سیشن کرایا،ملک فیصل ایوب کھوکھر نے پاکستان بلائنڈ کونسل کے چیئرمین سیدسلطان شاہ کو 20ملین روپے کاچیک دیا اورخطاب کر تے ہوئے کہا کہ تمام مہمان ٹیموں کو پاکستان میں خوش آمدید کہتا ہوں،سپورٹس محبت کا پیغام دیتی ہے ، بھار ت کا ایونٹ میں نہ آنا افسوس ناک ہے ، تقریب میں پاکستان کے تمام صوبوں کی کلچرل پرفارمنس بھی پیش کی گئی اورآسٹریا سے آئی مہمان خاتون نے پاکستان کے ملی نغمے پیش کر کے سما ں باندھ دیا۔دریں اثنا پاکستان نے بھارت میں آئندہ سال ہونیوالے ویمنز بلائنڈ ورلڈکپ کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ۔چیئرمین پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل سید سلطان شاہ نے کہا کہ پاکستان ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کی میزبانی کے لئے پوری طرح تیار ہے ، بھارت کو کھیل میں سیاست کو نہیں لانا چاہئے ۔ انہوں نے دو ٹوک اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 2025 کے ویمنز بلائنڈ ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم بھارت نہیں جائیگی اور ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل میں ہم بھارت کی میزبانی کے خلاف اور ایونٹ کو نیوٹرل وینیو پر لے جانے کی تحریک پیش کریں گے تاکہ پاکستان ٹیم ایونٹ میں شرکت کر سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں