قائداعظم ٹرافی ، فیصل آباد،ایبٹ آباد،سیالکوٹ اور پشاور کامیاب
لاہور(سپورٹس ڈیسک)قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پانچویں اور آخری راؤنڈ کے آخری روز فیصل آباد، ایبٹ آباد،سیالکوٹ ،بہاولپور اور پشاور نے کامیابی حاصل کرلی۔میرپور سٹیڈیم میرپور میں سیالکوٹ نے کراچی بلوز کو 8 وکٹوں سے ہرادیا۔
سیالکوٹ کو جیتنے کے لیے 99 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے دو وکٹوں پر حاصل کرلیا۔اس سے قبل کراچی بلوز دوسری اننگز میں 224 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سیف اللہ بنگش 105 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔محمد علی نے 89 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ میچ میں انہوں نے 9 وکٹیں حاصل کیں۔نیشنل گراؤنڈ اسلام آباد میں فیصل آباد نے اسلام آباد کو 247 رنز سے شکست دے دی۔ ایبٹ آباد سٹیڈیم ایبٹ آباد میں بہاولپور نے کراچی وائٹس کو 198 رنز سے ہرادیا۔ ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں ایبٹ آباد نے حیدرآباد کو 249 رنز سے ہرادیا۔ شعیب اختر کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں پشاور نے راولپنڈی کے خلاف 26 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ پانچویں راؤنڈ کے اختتام پر تینوں گروپ کے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ٹیموں نے سنگل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے سہ فریقی مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے جس کا آغاز 26 نومبر کو ہوگا۔ ان ٹیموں میں گروپ اے سے لاہور وائٹس ( 99 پوائنٹس ) گروپ بی سے پشاور ( 89 پوائنٹس ) اور گروپ سی سے سیالکوٹ ( 90 پوائنٹس ) شامل ہیں۔