مریم نواز کا نشتر ہسپتال ملتان کا دورہ ،ڈائیلسز میں غفلت پر ایم ایس سمیت 6افسر معطل
ملتان،لاہور(لیڈی رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹر سے ،اے پی پی )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نشتر ہسپتال کا دورہ کیا اور نیو ڈائیلسز یونٹ میں انتظامیہ و طبی عملہ کی مبینہ غفلت کے باعث 25 مریضوں کے ایڈز میں مبتلا ہونے کے معاملہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے نشتر ہسپتال کے ایم ایس سمیت 6 افسروں کو معطل کر دیا۔
ان میں ایم ایس ڈاکٹر کاظم کے علاوہ نیفرالوجی ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ ڈاکٹر غلام عباس ، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر پونم ، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ملیحہ ، ایڈمن رجسٹرار ڈاکٹر عالمگیر اور ہیڈ نرس ناہید شامل ہیں۔ان کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی بھی کی جائے گی ۔ وزیر اعلی ٰنے ہسپتال عملہ اور انتظامی افسروں کی غفلت کو ناقابل برداشت قرار دیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی کی بھی سرزنش کی ۔بعد ازاں وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے استعفیٰ دیدیا ۔ وزیر اعلیٰ نے سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کو ہدایت کی وی سی سمیت ان ڈاکٹروں کے میڈیکل لائسنس بھی منسوخ کئے جائیں اور پی ایم ڈی سی کو ان کا کیس بھجوایا جائے ۔واضح رہے نیو ڈائیلسز یونٹ میں سکریننگ نہ ہونے اور طبی غفلت کے باعث بڑی تعداد میں مریضوں کے ایچ آ ئی وی ایڈز سے متاثر ہونے پر پانچ رکنی اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ کمیٹی نے اپنی فائنڈنگز کے ساتھ متعلقہ افسروں و ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کی سفارش کی تھی۔ مریم نواز نے ڈائیلسز یونٹ ، ایمرجنسی سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور نشتر ہسپتال کی مجموعی صورتحال کو غیر تسلی بخش قرار دیا ۔
انہوں نے نشتر میں جاری ترقیاتی کاموں کو بھی جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کی ۔ وزیر اعلیٰ ایک گھنٹہ تک نشتر میں موجود رہیں جس کے بعد وہ ملتان ایئرپورٹ سے لاہور کے لئے روانہ ہوگئیں ۔ مریم نواز کچھی کینال تونسہ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے آ ئی تھیں واپسی پر انہوں نے نشتر کا دورہ کیا ۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب میں 3مرلہ پلاٹ سکیم کے اجراکی اصولی منظوری دے دی جس کے تحت چشتیاں میں 3مرلہ سکیم کے تحت 666پلاٹ دے کر سکیم کا آغاز کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے اپنی چھت اپنا گھر پراجیکٹ کے تحت مکمل ہونے والے پہلے پانچ گھروں میں فرنیچر اوردیگر سامان کا تحفہ پیش کرنے کی بھی منظوری دی۔ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ 927درخواست دہندگان کو قرض کی پہلی قسط کی ادائیگی مکمل کر لی گئی۔ وزیراعلیٰ نے دوسری قسط کی ادائیگی جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ پروگرام کے تحت800سے زائد گھر تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اپنی چھت اپناگھر پراجیکٹ کو تیز ترکرنے کی ہدایت کی اور کہا اپنی چھت ہر عام آدمی کا خواب ہے اسے پورا کریں گے ،نعروں اوردعوؤں پر یقین نہیں رکھتے ،اپنی چھت مہیا کرنے کے وعدے کو ضرور نبھائیں گے ۔