اسلام آباد:9مئی مقدمے کا فیصلہ ،پی ٹی آئی کے10کارکنوں کو قید وجرمانے کی سزائیں
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے ، دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپراکی عدالت نے 9مئی احتجاج کے حوالہ سے تھانہ آئی نائن میں درج مقدمہ میں نامزدتمام پی ٹی آئی کارکنوں کو دہشتگردی دفعات میں بری جبکہ کارسرکارمیں مداخلت سمیت دیگر دفعات میں 10 کارکنوں کو مجموعی طور پر پانچ پانچ سال اور دس، دس ماہ قید اور جرمانہ کی سزا کا حکم سناتے ہوئے۔
6 کارکنوں کو طلبی کے باوجود مسلسل غیر حاضری پر اشتہاری قرار دیتے ہوئے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کرد ئیے ۔ گزشتہ روز سماعت کے دوران عدالت نے حاضرملزموں کی حاضری لگائی اور فیصلہ سنایا،بعدازاں عدالت نے 15 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ بھی جاری کردیا، جس میں کہاگیا کہ ضمانت پر رہا 10 ملزمان حاضر جبکہ 6 کو اشتہاری قرار دیکر وارنٹ گرفتاری جاری کر د ئیے گئے ،پی ٹی آئی کے دس ملزمان کو مختلف دفعات میں مجموعی طور پر چار ،چار سال قید کی سزا سنائی گئی،ضمانت پر رہا ہونے والے ملزمان کو دفعہ 341 میں ایک ایک ماہ قید اور ایک ایک ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا،دفعہ 186 میں ملزمان کو تین تین ماہ قید اور ایک ایک ہزار روپے جرمانہ،دفعہ 353 میں ملزموں کو دو دو سال قید اور بیس بیس ہزار روپے جرمانہ،دفعہ 188 میں ملزموں کو چھ چھ ماہ قید اور تین تین ہزار روپے جرمانہ،دفعہ 149 میں ملزمان کو تین تین سال قید اور بیس بیس ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی ہے ،اشتہاری قرار د ئیے گئے ، چھ ملزمان کے ناقابل ضمانت دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے ،سزاپانے والوں میں عابد محمود ولد محمد ثاقب ساکن اسلام آباد ، احسن ایاز ولد محمد ایاز اسلام آباد ، نعیم اللہ ولد عبدالقادر باجوڑ ،مطیع اللہ ولد امین خان راولپنڈی ، شوکت ولد فضل داد اسلام آباد ، ذاکراللہ ولد بسم اللہ خان باجوڑ ، دائود خان ولد حاجو خان ، یونس خان ولد خان محمد ،احسان اللہ ولد ضیائالحق ،لال آغا ولد خان شامل ہیں ،سزا یافتہ 10 افراد میں 4 افغان شہری ہیں جو پاکستان کے مختلف علاقوں میں مقیم تھے ،فیصلہ میں یہ بھی کہاگیا کہ ملزموں کے خلاف دفعہ 382 اور 436 ثابت نہیں کی جا سکی،ملزمان کا تعلق ایک سیاسی پارٹی سے بتایا گیا لیکن شکایات میں ایسی کوئی بات نہیں لکھی گئی،ملزموں کو دہشتگردی سمیت دفعہ 382 اور 436 میں بری کیا جاتا ہے ۔