امن دشمنوں کو نہیں چھوڑیں گے،غیر قانونی عناصر کو جڑسےا کھاڑ پھینکیں گے:آرمی چیف

امن دشمنوں کو نہیں چھوڑیں گے،غیر قانونی عناصر کو جڑسےا کھاڑ پھینکیں گے:آرمی چیف

راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا دہشت گرد عناصر اور ان کے ناپاک ارادوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا ، پاک فوج دہشت گردی کے نیٹ ورک کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے 19 نومبر کی ایپکس کمیٹی اجلاس کے فالواپ میں پشاور کا دورہ کیا جہاں انہیں موجودہ سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔آرمی چیف کو خطے میں جاری انسدادِ دہشتگردی آپریشنز کی پیشرفت پر جامع بریفنگ دی گئی، اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بھی موجود تھے ۔ آرمی چیف نے شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے فوجیوں کے بلند حوصلے ، آپریشنل تیاری اور غیر متزلزل عزم کو سراہا۔آرمی چیف نے کہا یہ قربانیاں قومی عزم کی بنیاد ہیں، یہ قربانیاں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے غیر متزلزل جذبے اور لگن کو تحریک دیتی ہیں، دہشت گرد عناصر اور ان کے ناپاک ارادوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا ، سکیورٹی فورسز ملک میں امن اور سلامتی کے دشمنوں کو نہیں چھوڑیں گی،جنرل عاصم منیر نے دشمن دہشت گرد نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے عزم کو دہرایا اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے غیر قانونی عناصر کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اعادہ کیا۔پشاور پہنچنے پر آرمی چیف کا استقبال کور کمانڈر پشاور نے کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں