چیمپئنز ٹرافی:پی سی بی نے بال آئی سی سی کی کورٹ میں پھینک دی

چیمپئنز ٹرافی:پی سی بی نے بال آئی سی سی کی کورٹ میں پھینک دی

لاہور(سپورٹس ڈیسک ) آئی سی سی نے کہا ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کے انعقاد کا فیصلہ آج ہو جائے گا جبکہ پی سی بی نے آئی سی سی سے رابطہ کیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے آئی سی سی کو اپنا مؤقف واضح کر دیا ہے اوربال آئی سی سی کی کورٹ میں پھینک دی ہے ۔ پی سی بی نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا قابلِ قبول فارمولا بورڈ میٹنگ سے پہلے فراہم کیا جائے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے واضح کیا ہے کہ ہائبرڈ کے تحت نیوٹرل وینیو پر بھارت کے ساتھ میچ قابل قبول نہیں ہے ۔اگر نیوٹرل وینیو پر بھارت کے ساتھ میچ کھیلنے کا فارمولا بنایا گیا تو پھر یہ فیصلہ بھی ہو گا کہ اگلے ایونٹس میں پاکستان بھارت میں جا کر نہیں کھیلے گا، آئی سی سی یہ بورڈ میٹنگ سے قبل طے کرے ۔ پی سی بی کو اپنا مؤقف واضح کرنے کے بعد آئی سی سی کے جواب کا انتظار ہے ۔کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق آج آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں انڈیا کے بغیر پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کا آپشن ڈسکس ہوسکتا ہے ،واضح رہے کہ گزشتہ رات گئے قذافی سٹیڈیم کے دورے کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہو گی، آئی سی سی سے مسلسل رابطہ ہے ۔ ساری صورتِ حال دیکھ کر آئی سی سی اجلاس سے بہتر چیز لے کر نکلیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں