پہلا ٹی 20 : زمبابوے کو مات ، پاکستان 57 زنز سے فاتح

پہلا ٹی 20 : زمبابوے کو  مات ، پاکستان 57 زنز سے فاتح

بلاوائیو(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان نے سیریز کے پہلے ٹی 20 کرکٹ میچ میں زمبابوے کو 57 رنز سے شکست دے دی، ابرار احمد اور سفیان مقیم نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

زمبابوے کے شہر بلاوائیو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے ۔عمیر یوسف اور صائم ایوب نے پاکستانی اننگز کا آغاز کیا،پاکستان کو پہلا نقصان 18 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب عمیر یوسف 16 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے ، 57 کے مجموعی اسکور پر صائم ایوب 24 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ۔91 کے مجموعی اسکور پر عثمان خان 39 رنز بناکر جبکہ 100 کے مجموعی اسکور پر کپتان سلمان علی آغا 13 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے ۔طیب طاہر 39 اور عرفان خان 27 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ، زمبابوے کی طرف سے رچرڈ نگروا، سکندر رضا، ویلنگٹن مسکدزا اور ریان برل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔166رنز ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی پہلی وکٹ 12 رنز پر گری جب برین بینٹ 6 کے اسکور پر پویلین لوٹے ، پھر دوسری وکٹ 18 پر گری۔ زمبابوے کی تیسری وکٹ 77 رنز پر اُس وقت گری جب مارومانی 33 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے ۔زمبابوے کی چوتھی وکٹ 87 رنز پر گر گئی اور ریان برل صرف 3 رنز بنا سکے ، اس کے بعد 92 پر پانچویں اور 95 پر چھٹی وکٹ کپتان سکندر رضا کی گری، وہ 39 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے ۔ پھر 102 کے مجموعی اسکور پر ولنگٹن 5 رنز بنا کر پویلین لوٹے ، زمبابوے کی پوری ٹیم 16ویں کی تیسری گیند پر108رنزبناکر پویلین لوٹ گئی ،سکندررضا 39اورمارومانی 33رنزکے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی دوہرے ہندسے تک نہ پہنچ سکا۔پاکستان کے ابرار احمد، سفیان مقیم نے 3،3 حارث رؤف نے دو اور جہاں داد نے ایک وکٹ حاصل کی۔طیب طاہر کو پلیئر آف دی میچ کے اعزازسے نوازاگیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی 20 میچ کل جبکہ تیسرا اور آخری ٹی 20 جمعرات کو کھیلا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں