سپریم کورٹ آف پاکستان کا عدالتی اصلاحات کیلئے آن لائن فیڈبیک فارم کا اجرا

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے عدالتی اصلاحات کیلئے آن لائن فیڈبیک فارم کا اجرا کر دیا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے اعلامیہ جاری کر دیا گیا جس کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت عدالتی اصلاحات سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں نمائندہ سپریم کورٹ بار محمد اورنگزیب خان، رجسٹرار محمد سلیم خان اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس کا مقصد عدالتی اصلاحات، آئی ٹی انفراسٹرکچر میں پیش رفت کا جائزہ لینا تھا، اجلاس کا مقصد کیس مینجمنٹ، تربیتی پروگرام، فیڈبیک میکانزم کے قیام کا جائزہ لینا تھا۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ اصلاحات عدالتی نظام میں تبدیلی لانے کے لیے ہیں، یہ اصلاحات سپریم کورٹ سے لے کر ماتحت عدالتوں تک نافذ کی جائیں گی۔

اجلاس کے دوران چیف جسٹس نے عدالتی اصلاحات میں ججز، وکلا اور عوام کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا، چیف جسٹس کو آن لائن فیڈبیک فارم، سٹیک ہولڈرز کی شرکت برائے عدالتی اصلاحات پر بریفنگ دی گئی۔

اعلامیہ کے مطابق فیڈ بیک فارم اب سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے، عوام سے خدمات کی بہتری اور شفافیت کے حوالے سے تجاویز طلب کی جا رہی ہیں۔

چیف جسٹس نے عدالتی اصلاحات کے تمام شعبوں میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا، اجلاس کا اختتام ایک شفاف، مؤثر اور جامع عدالتی نظام کے قیام کے عزم کے ساتھ ہوا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں