جے شاہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیئرمین بن گئے

 جے شاہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیئرمین بن گئے

دبئی (اسپورٹس ڈیسک )بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ نے آئی سی سی چیئرمین کا عہدہ سنبھال لیا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ چیئرمین آئی سی سی کی حیثیت سے جے شاہ کے عہدے کی مدت شروع ہو گئی۔

آئی سی سی کے مطابق جے شاہ نے بطور آئی سی سی چیئرمین شپ عہدے کا آغاز کر دیا۔ اس حوالے سے جے شاہ کا کہنا ہے کہ آئی سی سی چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے پر بہت فخر محسوس کر رہا ہوں،آئی سی سی ڈائریکٹرز اور رکن بورڈز کی حمایت اور اعتماد کا شکر گزار ہوں۔جے شاہ کا کہنا ہے کہ یہ کھیل کیلئے پُرجوش لمحہ ہے ، ہم اولمپک 2028 گیمز کی تیاری کر رہے ہیں، ہم کرکٹ کو شائقین کیلئے مزید دلچسپ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔آئی سی سی کے چیئرمین نے اپنے بیا ن میں کہا کہ ہم ایک اہم موڑ پر ہیں جہاں مختلف فارمیٹس ایک ساتھ موجود ہیں، خواتین کے کھیل کی ترقی کو تیز کرنے کی ضرورت ہے ، کرکٹ میں عالمی سطح پر بے پناہ صلاحیت موجود ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ کھیل کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لئے آئی سی سی ٹیم اور رکن ممالک کے ساتھ قریبی کام کرنے کا منتظر ہوں۔واضح رہے کہ جے شاہ بلا مقابلہ آئی سی سی کے چیئرمین منتخب ہوئے تھے ،آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے نے اگست میں دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں