جنوبی افریقہ 301 پر آؤٹ ، پاکستان کے 3 وکٹ پر 88 رنز
سینچورین(سپورٹس ڈیسک )پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز کے اختتام پر پاکستان نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 88 رنز بنا لیے۔۔
اور 2 رنز کا خسارہ ابھی باقی ہے ۔ خراب روشنی کے باعث روکا گیا کھیل دوبارہ شروع نہیں ہو سکا۔سینچورین میں میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز جنوبی افریقہ نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 82 رنز سے اننگز کا آغاز کیاتوجنوبی افریقہ کی دوسرے روز پہلی وکٹ 48 رنز کے اضافے کے بعد ملی جب ٹمبا بووما 31 رنز بناکر پویلین لوٹے ، بعدازاں 178 کے مجموعی سکور پر ڈیوڈ بیڈنگھم 30 اور پھر 188 رنز پر کائل ویرین 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔جنوبی افریقی اوپنر ایڈن مارکرم 89 رنز، مارکو جانسن 2، کاگیسو ربادا 13 اور ڈین پیٹرسن 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ کوربن بوش 81 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور ٹیم کے مجموعی سکور کو 301 اور برتری کو 90 رنز تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور خرم شہزاد نے 3،3 ، عامر جمال نے 2 اور محمد عباس اور صائم ایوب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان نے دوسری اننگز کا آغاز 90 رنز کے خسارے کے ساتھ کیا۔ 88 رنز کے مجموعی سکور پر پاکستان کی 3 وکٹیں گر چکی ہیں اور 2 رنز کا خسارہ ابھی باقی ہے ۔ صائم ایوب 28، کپتان شان مسعود 28 اور کامران غلام 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ اس وقت کریز پر بابر اعظم 16 اور نائب کپتان سعود شکیل 8 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔پروٹیز کی جانب سے مارکو جینسن نے 2 اور رباڈا نے 1 وکٹ حاصل کی ہے ۔قبل ازیں پہلے روزٹیسٹ میچ کا محتاط انداز میں آغاز کرنے کے باوجود پاکستانی بیٹنگ لائن جنوبی افریقی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم محض 211 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔پاکستان کی جانب سے کامران غلام 54 رنز بنا کرنمایاں رہے ، عامر جمال 28، محمد رضوان 27، کپتان 17، سعود شکیل 14، صائم ایوب 14، خرم شہزاد 11، بابر اعظم 4 اور نسیم شاہ 0 رن بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ محمد عباس 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے ۔جنوبی افریقا کی جانب سے ڈین پیٹرسن نے 5، کوربن بوش نے 4 اور مارکو جینسن نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔دن کے اختتام تک جنوبی افریقا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 82 رنز بنا لیے ۔ ٹرسٹن اسٹبز 9، رائن رکلٹن 8 اور ٹونی ڈی زورزی 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔