دوسرا ٹیسٹ : جنوبی افریقہ کی پوزیشن مضبوط ، 4 وکٹ پر 316 رنز
کیپ ٹاؤن(سپورٹس ڈیسک )دوسرے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کی پوزیشن مضبوط ہوگئی ، پہلے دن کھیل کے اختتام پر میزبان ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز بنالیے ۔۔
کیپ ٹاؤن میں جاری ٹیسٹ میچ میں اوپنر ریان ریکلٹن 176 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔گزشتہ روزآؤٹ ہونے والے آخری بیٹر کپتان ٹیمبا باووما تھے ، جنہوں نے 106 رنز کی باری کھیلی، انہیں سلمان علی آغا نے رضوان کی مدد سے قابو کیا۔جنوبی افریقی اوپنرز نے اچھا آغاز کیا اور پارٹنرشپ قائم کر کے سکور 61 رنز تک پہنچایا، جس کے بعد خرم شہزاد نے ایڈن مارکرم کو 17 رنز پر آؤٹ کردیا۔پہلی وکٹ گرنے کے بعد پاکستانی بولرز نے جنوبی افریقی بیٹرز کے گرد جیسے گھیرا تنگ کرنا شروع کردیا اور صرف مزید 11 رنز کے اضافے کے دوران 2 وکٹیں حاصل کرلیں۔ جنوبی افریقہ کی دوسری وکٹ 70 اور تیسری وکٹ 72 رنز پر گری۔ویان ملڈر کو 5 رنز پر محمد عباس نے جبکہ ٹرسٹن اسٹبس کو صفر پر آغا سلمان نے آؤٹ کیا، واضح رہے کہ 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ جنوبی افریقہ نے جیتا تھا جبکہ ٹیسٹ سیریز سے قبل جنوبی افریقہ نے 3 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز 0-2 سے جیتی تھی۔ایک میچ بارش کی وجہ سے نہیں ہوسکا تھا جبکہ اس کے بعد 3 ون ڈے میچز کی سیریز میں پاکستان نے کلین سویپ کر کے فتح حاصل کی تھی۔