ارشد ندیم انجر ڈ، ورلڈ ایتھلیٹکس سلور ٹور سے دستبردار
لاہور(سپورٹس ڈیسک)قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم ٹانگ کے تکلیف میں مبتلا ہوگئے ہیں، انجری کے باعث اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم ورلڈ ایتھلیٹکس سلور ٹور میں شرکت نہیں کر سکیں گے ۔
اولمپیئن ارشد ندیم کو لاہور میں شدید گرمی کے دوران ٹریننگ کرتے ہوئے ٹانگ میں کچھاؤ محسوس ہوا، تکلیف کی شدت بڑھنے کے باعث جیولن تھرور نے 15جولائی کو سوئزر لینڈ میں شیڈول ورلڈ ایتھلیٹکس سلور ٹور میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کہا کہ کوچ سلمان بٹ کے مشورے اور بڑے ایونٹ سے قبل خود کو فٹ رکھنے کے لیے اس ایونٹ میں حصہ نہیں لے رہا۔خیال رہے کہ ارشد ندیم رواں برس بڑے مقابلوں کے لیے خود کو تیار کرنے کے لیے لندن میں ایک ماہ کے لیے ٹریننگ کریں گے ، اولمپیئن ارشد ندیم ایتھلیٹکس فیڈریشن کے تعاون سے ہونے والی اس ٹریننگ کیلئے 14 جولائی کو انگلینڈ روانہ ہوں گے ۔جیولن تھرور ارشد ندیم اگست میں ڈائمنڈ لیگ اور ستمبر میں ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں حصہ لیں گے ۔