پاکستان کوشکست،جاپان نے انڈر 18 ایشیا ہاکی کپ جیت لیا
دازہو (سپورٹس ڈیسک )جاپان نے انڈر 18 ایشیا ہاکی کپ 2025 کے فائنل میں ایونٹ میں ناقابل شکست رہنے والی پاکستانی ٹیم کو 3-0 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔۔۔
دازہو کے نیشنل ہاکی ٹریننگ سینٹر میں کھیلے گئے میچ میں جاپان نے دوسرے کوارٹر میں یوما فوجیوارا کے گول کے ذریعے برتری حاصل کی جو انہوں نے ساتویں منٹ میں سکور کیا۔تیسرے کوارٹر میں فوجیوارا نے 38 ویں منٹ میں ایک اور گول داغ کر جاپان کی برتری 2-0 کر دی۔میچ کے آخری لمحات میں تاتسواکی یاسوئی نے پینلٹی کارنر کے ذریعے تیسرا گول کر کے جاپان کی فتح کو یقینی بنایا۔پاکستان نے میچ کے آغاز میں جارحانہ کھیل پیش کیا اور پہلے کوارٹر میں گول کرنے کے متعدد مواقع بنائے ، لیکن جاپانی دفاع نے انہیں کامیابی سے روکے رکھا۔پاکستان نے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی دکھائی تھی اور ہانگ کانگ کو 8-0، سری لنکا کو 9-0، بنگلہ دیش کو 6-3 اور چین کو 2-1 سے شکست دی تھی۔سیمی فائنل میں پاکستان نے ملائیشیا کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد پینلٹی شوٹ آوٹ میں 4-3 سے کامیابی حاصل کی تھی۔