ایشین انڈر 16 والی بال ،پاکستان سیمی فائنل میں داخل
بنکاک (سپورٹس ڈیسک)پاکستان کی ٹیم اپنی شاندار کارکردگی کی بنیاد پر ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔ پاکستان کی انڈر 16 ٹیم نے انڈونیشیا کو شکست دے کر ٹاپ فور راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔
پاکستان کے محمد جنید، فیضان اﷲ، ساران بیگ اور طلحہ مہر نے نمایاں کھیل پیش کیا، جنید نے 10 اٹیک پوائنٹس سمیت 15 پوائنٹس بنائے اور فیضان نے 11 پوائنٹس حاصل کیے اور اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔تھائی لینڈ میں جاری ایونٹ میں ناقابل شکست پاکستان نے ابتدائی گروپ سٹیج کے مسلسل 3 میچز جیتنے کے بعد کراس اوور راؤنڈ میں جگہ بنائی جہاں پہلے میچ میں اس کا مقابلہ انڈونیشیا سے ہوا جس میں پاکستان کی جیت کاسکور 23-25، 20-25 اور 20-25 رہا ۔پاکستان نے پہلے سیٹ میں 3-12 کے خسارے سے نکل کر شاندار کم بیک کیا اور پھر حریف انڈونیشیاکی ٹیم کو گیم میں واپسی کا موقع نہیں دیا۔مجموعی طور پر میچ میں پاکستان نے اٹیک اور بلاک پوائنٹس میں سبقت حاصل کی جبکہ سروس پوائنٹس میں انڈونیشیا آگے رہا۔پاکستان نے انڈونیشیا کے 34 کے مقابلے میں 37 اٹیک پوائنٹس اور 14 بلاک پوائنٹس حاصل کیے جبکہ انڈونیشیا صرف 3 بلاک پوائنٹس حاصل کرسکا ۔ پاکستان کل ایران سے مقابلہ کرے گا اور سیمی فائنل میں پاکستان کے حریف کا فیصلہ پاکستان اور ایران کے میچ کے بعد ہوگا۔