قومی خواتین کرکٹ سیزن 26-2025کا کیلنڈر جاری
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے خواتین کرکٹ سیزن 26-2025 کا تفصیلی کیلنڈر جاری کر دیا ہے جس میں قومی اور انڈر 19 ٹیموں کے متعدد اہم دورے ، ورلڈ کپ مقابلے اور مقامی ٹورنامنٹس شامل ہیں۔
پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق سیزن کا آغاز قومی خواتین ٹیم کے آئرلینڈ دورے سے ہو گا جہاں اگست میں تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے ۔ اس کے بعد جنوبی افریقہ ویمنز ٹیم ستمبر میں پاکستان آئے گی اور 16 سے 22 ستمبر تک لاہور میں تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے ۔ ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ 30 ستمبر سے 2 نومبر تک شیڈول ہے ۔ آئندہ سال 7 فروری سے 2 مارچ 2026 تک قومی ٹیم جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی ۔ اپریل 2026 میں زمبابوے ویمنز ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی ۔ خواتین ٹی 20 ورلڈ کپ 12 جون سے 5 جولائی 2026 تک انگلینڈ میں کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل پاکستان ٹیم آئرلینڈ میں سہ فریقی ٹی 20 سیریز کھیلے گی جس میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی شامل ہو گی۔ پاکستان انڈر 19 ویمنز ٹیم دسمبر 2025 میں بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی،مزید برآں انڈر 19 ویمنز ٹی 20 ٹورنامنٹ 15 ستمبر سے 6 اکتوبر 2025 تک کراچی میں منعقد ہو گا ۔ نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ 6 سے 24 نومبر تک کراچی میں ہو گا جب کہ نیشنل ویمنز ٹی 20 ٹورنامنٹ 24 مارچ سے 17 اپریل 2026 تک کھیلا جائے گا۔