پہلا ون ڈے آج ، شاہین آفریدی اچھے کھیل کیلئے پرجوش
کپتان ہٹانا یا بنانا پی سی بی کا معاملہ ،ہمارا کام کھیلنا ، فرنٹ سے لیڈ کرنیکی کوشش کروں گا،لڑکے اچھی فارم میں ہیں،قومی کپتان جلد کنڈیشن سے ہم آہنگ ہو رہے ہیں،ون ڈے میچز میں پریشر ہوگا لیکن بہترین کارکردگی کی کوشش کرینگے ،میتھیو بریٹزکی
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)قومی ون ڈے ٹیم کے نئے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ کپتان ہٹانا یا بنانا پی سی بی کا معاملہ ہے ہمارا کام کرکٹ کھیلنا ہے ۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ون ڈے انٹرنیشنل آج کھیلا جائے گا، پاکستانی وقت کے مطابق آج دوپہر 3 بجے شروع ہو گا۔ پریس کانفرنس کے دوران شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی اعزاز کی بات ہے ، نئی ذمے داری کو احسن طریقے سے نبھانے کی کوشش کروں گا اور فرنٹ سے لیڈ کرنے کی کوشش کروں گا۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں 17 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کھیلی جارہی سب لڑکے پر جوش اور پر امید ہیں جب کہ ہمارا مقابلہ ایک اچھی ٹیم سے ہے۔
جنوبی افریقہ اچھی کرکٹ کھیلتی آرہی ہے لیکن ہم نے بھی ٹی ٹونٹی سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور لڑکے اچھی فارم میں ہیں،سب چیزیں دیکھتے ہوئے فیصلے کریں گے ۔ بابراعظم کی فارم میں واپس آنے کی خوشی ہے ۔دوسری جانب، جنوبی افریقی کپتان میتھیو بریٹزکی نے کہا کہ ہمیں فیصل آباد کی کنڈیشنز کا اتنا آئیڈیا نہیں ہے کیوں کہ یہاں زیادہ کرکٹ نہیں ہوئی، تاہم جلد سے جلد کنڈیشن سے ہم آہنگ ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔ پاکستان کی میزبانی بہترین ہے اور ہم اس سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ون ڈے میچز میں پریشر ہوگا لیکن کوشش کریں گے کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور وکٹ نہ کھوئیں۔میتھیو بریٹزکی نے کہا کہ بیٹنگ یا بالنگ کے متعلق فیصلہ صبح ویدر کنڈیشن کو دیکھ کر کریں گے اور یہ فیصلہ ٹاس پر ہوگا۔