دورہ بنگلہ دیش کیلئے پاکستان انڈر19ویمن کرکٹ ٹیم کا اعلان
آل راؤنڈر ایمان نصیرقیادت ،راحیمہ سید،اقصیٰ حبیب، بریرہ سیف ڈیبیوکرینگی
راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ بنگلہ دیش کیلئے پاکستان انڈر19 ویمن کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا،اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی آل راؤنڈر ایمان نصیر بنگلہ دیش ویمنز انڈر 19 کے خلاف 3 سے 12 دسمبر تک کاکس بازار اکیڈمی گراؤنڈ میں ہونے والی پانچ میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز کے دوران ٹیم کی قیادت کریں گی۔ اعلان کردہ 15 رکنی سکواڈ میں آٹھ کھلاڑی ایسی بھی شامل ہیں جو اس سال جنوری میں ملائیشیا میں ہونے والے آئی سی سی ویمنز انڈر 19 ورلڈ کپ سکواد کا حصہ تھیں،ان میں علیزہ مختیار، عریشہ انصاری، کومل خان، ماہنور زیب، میمونہ خالد، راویل فرحان، شہر بانو اور زوفشاں ایاز شامل ہیں۔
لیگ سپن اور دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے کپتان ایمان نصیر کے علاوہ جو کھلاڑی اپنا ویمنز انڈر 19 ڈیبیو کرینگے ان میں بائیں ہاتھ کی بیٹر راحیمہ سید، آل راؤنڈر اقصیٰ حبیب، بائیں ہاتھ کی فاسٹ بالر عائشہ ریاض اور دائیں ہاتھ کی فاسٹ بالر بریرہ سیف شامل ہیں۔ چار نان ٹریولنگ ریزرو میں الزوحہ حماد، ماریہ، نسرین اشرف اور زینب خانم شامل ہیں۔ یہ کھلاڑی کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں دو ہفتے کے تربیتی کیمپ میں شریک ہیں جس کے بعد وہ 29 نومبر کو بنگلہ دیش روانہ ہوں گی۔ کھلاڑیوں نے ستمبر میں نیشنل انڈر19 ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں حصہ لیا، 15 رکنی سکواڈ میں ایمان نصیر (کپتان)، علیزہ مختیار، اقصیٰ حبیب، عریشہ انصاری، عائشہ ریاض، بریرہ سیف، فضا فیاض، کومل خان (وکٹ کیپر)، ماہنور زیب، میمونہ خالد، رحیمہ سید، رویل فرحان، روزینہ اکرم، شہر بانو اور زوفشاں ایاز جبکہ نان ٹریقلنگ ریزرو میں الزوحہ حماد، ماریہ، نسرین اشرف اور زینب خانم شامل ہیں۔