ایشیز:آسٹریلیا نے انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میں بھی شکست دیدی
65 رنز کا ہدف 2 وکٹوں پرحاصل، سٹیو سمتھ 23 ، مارنس لبوشین 3 رنز بناکر ناٹ آؤٹ
برسبین (سپورٹس ڈیسک )ایشیز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز آسٹریلیا نے انگلینڈ کو شکست سے دوچار کردیا۔برسبین میں کھیلے جارہے میچ میں انگلینڈ نے چوتھے روز 134 رنز 6 وکٹوں کے نقصان پر کھیل کا آغاز کیا تو اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 43 رنز درکار تھے ۔کپتان بین سٹوکس اور ول جیکس کریز پر موجود تھے جنہوں نے چائے کے وقفے تک 59 رنز بناکر ٹیم کو 16 رنز کی برتری دلوائی۔تاہم چائے کے وقفے کے بعد بین سٹوکس 50 اور ول جیکس 41 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے ۔ انگلینڈ کی پوری ٹیم 241 پر ڈھیر ہوگئی۔آسٹریلیا کی جانب سے مائیکل نیسر نے 5، مچل سٹارک اور سکاٹ بولینڈ نے 2،2 جبکہ برینڈن ڈوگٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا کو جیت کے لیے 65 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ٹریوس ہیڈ 22 اور جیک ویدرالڈ 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ کپتان سٹیوسمتھ 23 اور مارنس لبوشین 3 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔اس سے قبل آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 511 رنز بناکر انگلینڈ پر 177 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔مچل سٹارک کومیچ میں مجموعی طورپر 8وکٹیں لینے پر مین آف دی میچ قراردیاگیا۔واضح رہے کہ آسٹریلیا نے ایشیز سیریز کے 5 میچوں میں دو صفر کی برتری حاصل کر لی ہے ۔