آئی پی ایل، گواسکر عالمی پلیئرز بارے پالیسی پر برہم
گیمز چھوڑنے کی معقول وجہ صرف قومی فرائض کی ادائیگی ہونی چاہیے
ممبئی(سپورٹس ڈیسک)بھارت کے لیجنڈ بلے باز سنیل گواسکر انڈین پریمیئر لیگ کی بین الاقوامی کھلاڑیوں سے متعلق پالیسی پر برس پڑے ۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی پی ایل دنیا کا سب سے بڑا ٹی 20 مقابلہ ہے اور جو بھی اس کو عام سمجھتا ہے اس کو آکشن میں شامل ہونے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے ۔ان کا کہنا تھا کہ آئی پی ایل گیمز چھوڑنے کی معقول وجہ صرف قومی فرائض کی ادائیگی ہونی چاہیے ، اس کے علاوہ کوئی بھی چیز ٹورنامنٹ کے وقار میں کمی تصور کی جانی چاہیے ۔سنیل گواسکر نے کالم میں لکھا کہ کچھ کھلاڑی ہیں جنہوں نے خود کو لیگ کے لیے جزوی طور پر دستیاب کیا ہے ۔ اگر کوئی کھلاڑی آئی پی ایل کو عزت نہیں دیتا اور مکمل ٹورنامنٹ کے لیے دستیابی ظاہر نہیں کرتا تو اس کو نیلامی میں بھی نہیں ہونا چاہیے ۔انہوں نے اور مسئلے کی جانب تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارتی کھلاڑی جن کو کیپ نہیں ملی کو آئی پی ایل میں بھاری معاوضے دئیے جاتے ہیں جو غلط ہے ۔