شکیب کا جان بوجھ کر غیر قانونی ایکشن سے بالنگ کا انکشاف
سوچ رہا تھا امپائر وارننگ دینگے لیکن انہوں نے قانون کے مطابق کام کیا
ڈھاکہ (سپورٹس ڈیسک)بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شکیب الحسن نے جان بوجھ کر غیر قانونی ایکشن کے ساتھ بولنگ کرنے کا انکشاف کیا ہے ۔ ایک انٹرویو میں شکیب الحسن نے انکشاف کیا کہ میرا خیال ہے میں نے تھوڑی بہت جان بوجھ کر غیر قانونی ایکشن کے ساتھ بولنگ کی۔انہوں نے بتایا کہ میں نے سرے کی جانب سے سمر سیٹ کے خلاف میچ میں 70 سے زائد اوورز کیے ، اپنے کیریئر میں کبھی ٹیسٹ میچ میں اتنے اوورز نہیں کیے تھے ۔شکیب الحسن نے کہا کہ میں لمبی بولنگ کر کے بہت تھک چکا تھا، پاکستان کے خلاف بیک ٹو بیک ٹیسٹ میچز کھیلے تھے ،میں سوچ رہا تھا کہ امپائر مجھے وارننگ دیں گے لیکن انہوں نے قانون کے مطابق کام کیا،شکیب الحسن نے کہا کہ میں بولنگ ایکشن کے ٹیسٹ میں فیل ہوگیا، پھر دوبارہ ٹیسٹ دیا اور کلیئر ہوا۔ دریں اثنا شکیب الحسن نے ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان واپس لیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بین الاقوامی کیریئر کا اختتام ایک مکمل ہوم سیریز کھیل کر کرنا چاہتے ہیں، وہ باضابطہ طور پر کسی بھی فارمیٹ سے ریٹائر نہیں ہوئے ۔