پاکستان فٹبال ٹیم کی پہلی بار یوئیفا مقابلے میں شرکت
انڈر 16 میچز رواں سال 24 سے 30 اپریل تک قازقستان میں کھیلے جائینگے
اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر)پاکستان فٹ بال ایک نئے اور تاریخی دور میں داخل ہونے جا رہا ہے جہاں ملک کی انڈر 16 مردوں کی قومی فٹ بال ٹیم پہلی مرتبہ یوئیفا کے تحت منعقدہ بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت کرے گی۔ یہ میچز رواں سال 24 سے 30 اپریل تک قازقستان میں کھیلے جائیں گے ۔یہ تاریخی پیش رفت پاکستان کے یوتھ فٹ بال پروگرام کے لئے ایک اہم سنگ میل قرار دی جا رہی ہے اور اس سے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی اصلاحات پر مبنی نئی سوچ اور عالمی سطح پر بحالی کی کوششوں کی واضح عکاسی ہوتی ہے۔
یہ کامیابی پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی کی قیادت میں ممکن ہوئی جن کے دور میں منظم منصوبہ بندی، گورننس اصلاحات اور نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے ۔پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے حکام کے مطابق یوئیفا مقابلے کی دعوت کو پاکستان فٹ بال کی ساکھ پر ایک بڑا اعتماد قرار دیا جا رہا ہے بالخصوص گراس روٹس اور یوتھ لیول پر اعلی معیار کے بین الاقوامی حریفوں کے خلاف کھیلنے سے نوجوان پاکستانی کھلاڑیوں کو قیمتی تجربہ حاصل ہوگا ۔ یہ موقع اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ کئی سالوں کی انتظامی مشکلات اور تنہائی کے بعد پاکستان کو عالمی فٹ بال برادری میں دوبارہ تسلیم کیا جا رہا ہے ۔