پاکستان سینیگال ڈیوس کپ ٹائی،ٹریننگ کیمپ کی تیاری
اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک)پاکستان اور سینیگال کے درمیان آئندہ ڈیوس کپ ٹائی کی تیاری کے سلسلے میں ڈیوس کپ ٹریننگ کیمپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے جو 6 اور 7 فروری کو پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق یہ ٹریننگ کیمپ 12 سے 24 جنوری تک ڈیفنس کلب گراس کورٹس، لاہور میں منعقد ہوگا۔پاکستان کے سینئر اور جونیئر سطح کے نمایاں کھلاڑیوں کو کیمپ میں مدعو کیا گیا ہے ۔کیمپ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں میں اعصام الحق قریشی، عقیل خان، مزمل مرتضی، محمد شعیب، یوسف خلیل، برکت اللہ، حذیفہ عبدالرحمان، احمد نیل قریشی، میکائل علی بیگ، ابو بکر طلحہ، نادر مرزا، احتشام ہمایوں اور ذوہیب افضل ملک شامل ہیں۔25 جنوری 2026 سے ٹریننگ کیمپ لاہور سے اسلام آباد منتقل ہو جائے گا جہاں اسلام آباد میں مقیم ٹاپ جونیئر کھلاڑی حمزہ رومان، حسن عثمانی، عبدالباسط اور حازق عاصم بھی کیمپ میں شامل ہوں گے ۔یہ ٹریننگ کیمپ کپتان رشید ملک کی نگرانی میں منعقد کیا جا رہا ہے ۔پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی نے کہا کہ یہ ٹریننگ کیمپ سینیگال کے خلاف آئندہ ڈیوس کپ ٹائی کے لیے ایک مضبوط اور مسابقتی قومی ٹیم تشکیل دینے کی جانب اہم قدم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ جونیئر کھلاڑیوں کو تربیت کا موقع دینا مستقبل میں ان کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگا۔ کیمپ کے اختتام پر حتمی ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔