پاک آسٹریلیا ٹی20 سیریز ٹکٹوں کی فروخت کا آج سے آغاز
فزیکل ٹکٹیں پیر سے ملک بھر کے ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز پر دستیاب ہوں گی
لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کے خلاف 3 میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کے ٹکٹوں کی فروخت سے متعلق تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ شائقین کرکٹ کے لیے آن لائن ٹکٹوں کی فروخت آج سے شروع ہو گی، جس کے لیے ویب سائٹ استعمال کی جا سکتی ہے ۔ فزیکل ٹکٹیں پیر سے ملک بھر کے ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز پر دستیاب ہوں گی۔ تینوں ٹی 20 میچزبالترتیب 29 ،31 جنوری اور یکم فروری کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے ، تمام میچز شام6 بجے شروع ہوں گے ، پہلے ٹی 20 میچ کے لیے فضل محمود اور عمران خان انکلوژرز کے ٹکٹ 800 روپے میں دستیاب ہوں گے جبکہ راجہ اور سعید انور انکلوژرز کے ٹکٹ600 روپے ، عبدالحفیظ کاردار، عبدالقادر، جاوید میانداد اور سرفراز نواز انکلوژرز کے ٹکٹ500 روپے اور حنیف محمد، امتیاز احمد، انضمام الحق اور سعید احمد انکلوژرز کے ٹکٹ400 روپے مقرر کیے گئے ہیں۔ اقبال اینڈ کے وی آئی پی انکلوژرز کے ٹکٹ 1500 روپے جبکہ جناح اینڈ کے وی آئی پی انکلوژرز کے ٹکٹ2000 روپے میں فروخت ہوں گے ۔