ورلڈ کپ میں شرکت، آئی سی سی کا وفد ڈھاکہ جائیگا
حتمی بات چیت کے بعد آئی سی سی بنگلہ دیش کی شرکت بارے فیصلہ کریگی
ڈھاکہ (سپورٹس ڈیسک)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل آئندہ چند دنوں میں ایک وفد ڈھاکہ بھیجے گی ، جو بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے حتمی بات چیت کے بعد آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026 میں بنگلہ دیش کی شرکت سے متعلق فیصلہ کرے گا۔ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق یہ بات سپورٹس ایڈوائزر آصف نذرالاسلام نے فارن سروس اکیڈمی میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائی، جبکہ بی سی بی نے بھی آئی سی سی وفد کی آمد کی تصدیق کر دی ہے ۔آصف نذرالاسلام کے مطابق بی سی بی کے صدر امین الاسلام نے انہیں آگاہ کیا ہے کہ آئی سی سی کی ایک ٹیم بات چیت کے لیے بنگلہ دیش آ سکتی ہے۔
ہمارے مؤقف میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں۔ ہم ورلڈ کپ کھیلنے کے خواہشمند ہیں، خاص طور پر سری لنکا میں اور مجھے پختہ یقین ہے کہ اس کا انتظام ناممکن نہیں۔آئی سی سی کا یہ دورہ آئی سی سی اور بی سی بی کے درمیان ہونے والی ویڈیو کانفرنس کے بعد ہو رہا ہے ۔ آئی سی سی سے توقع ہے کہ مجوزہ ڈھاکہ ملاقات کے بعد بنگلہ دیش کی ورلڈ کپ میں شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ سنایا جائے گا۔