ٹی 20ورلڈ کپ،بنگلہ دیش ڈٹ گیا،بھارت میں کھیلنے سے انکار

ٹی 20ورلڈ کپ،بنگلہ دیش ڈٹ گیا،بھارت میں کھیلنے سے انکار

انڈین آئی سی سی اہلکارکو بھی ویزا دینے سے انکار،میٹنگ میں آن لائن شرکت بھارت کے انڈر19کرکٹرزنے بنگلہ دیش کے کھلاڑیوں سے بھی مصافحہ نہ کیا

ڈھاکہ ،بلاوائیو(سپورٹس ڈیسک)بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ ڈٹ گیا ،آئی سی سی وفد کیساتھ مذاکرت میں قومی ٹیم کو ٹی 20ورلڈکپ کھیلنے کیلئے بھارت بھیجنے سے انکار کردیا بلکہ آئی سی سی وفد میں شامل انڈین اہلکار کو ویزابھی جاری نہیں کیا ،دوسری طرف بھارت نے  آئی سی سی ایونٹ انڈر 19ورلڈکپ کو بھی داغدار کردیا، جہاں بھارتی کپتان نے میچ میں ٹاس کے وقت بنگلہ دیشی کپتان سے ہاتھ نہ ملایا اور میچ کے اختتام پربھی بھارتی کھلاڑی بغیر مصافحہ کئے گراؤنڈ سے باہر چلے گئے ۔تفصیلات کے مطابق آئی سی سی وفد نے گزشتہ روز ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کیساتھ مذاکرات میں ٹیم ٹی 20ورلڈکپ کیلئے بھارت بھیجنے کیلئے قائل کرنے کی کوشش کی ،تاہم بی سی بی اپنی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کے مؤقف پر قائم رہا۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ڈھاکہ میں آئی سی سی وفد کے ساتھ ہونے والی میٹنگ کا اعلامیہ جاری کردیا۔بی سی بی کے مطابق آئی سی سی وفد کے ساتھ ٹیم کے ورلڈکپ میں شرکت کے معاملے پر بحث ہوئی، میٹنگ میں آئی سی سی کوبنگلہ دیش کے میچز دوسرے وینیوپر منتقل کرنے کی باضابطہ درخواست کو دہرایا گیا۔

بی سی بی کے مطابق آئی سی سی وفد کے ساتھ بنگلہ دیشی حکومت کی ہدایات اور سکیورٹی خدشات کو بھی شیئرکیا گیا۔ تمام گفتگو تعمیری ، خوشگوار اور پیشہ ورانہ ماحول میں ہوئی، فریقین نے متعلقہ امور پر کھل کر تبادلہ خیال کیا۔ لاجسٹک معاملات کو دیکھتے ہوئے بنگلہ دیش کو کسی دوسرے گروپ میں منتقل کرنے کے امکان پر بھی بات ہوئی۔ آئی سی سی وفد میں جنرل منیجر ایونٹس اینڈکارپوریٹ کمیونیکیشنز گوروو سکسینا اور جنرل منیجر انٹیگریٹی یونٹ اینڈریو ایفرگریو شامل تھے ۔ گوروو سکسینا نے میٹنگ میں دبئی سے آن لائن شرکت کی کیونکہ بنگلہ دیش نے انہیں ویزا جاری کرنے سے انکار کردیاتھا۔ بعض ذرائع کا کہناہے کہ انہیں بعد میں ویزا جاری کردیاگیاتھا،تاہم تاخیر سے ویزا جاری ہونے کی وجہ سے ان کی دبئی سے ڈھاکہ آمد ممکن نہ رہی اور انہیں آن لائن میٹنگ میں شرکت کرناپڑی ۔ میٹنگ میں بی سی بی کی نمائندگی بورڈ کے صدر امین الاسلام، نائب صدور شکاوت حسین اور فاروق احمد، کرکٹ آپریشنز کمیٹی کے ڈائریکٹر اور چیئرمین نظم العبیدین اور سی ای او نظام الدین چودھری نے کی۔

اعلامیہ کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی نے میچز بھارت سے منتقل کرنے کے معاملے پر مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش 7فروری سے شرو ع ہونیوالے ٹی 20ورلڈکپ کے گروپ سی میں موجود ہے ،جہاں اس کے انگلینڈ،نیپال ،ویسٹ انڈیز اور اٹلی کیساتھ میچز بھارت میں شیڈول ہیں جبکہ گروپ اے اور گروپ بی کے میچز سری لنکا میں کھیلے جانے ہیں،اس طرح امکان ہے کہ بنگلہ دیش کو گروپ اے یا گروپ بی میں شامل کر کے معاملہ حل کر لیا جائے ۔ بنگلہ دیش کے بھارت میں کھیلنے کا مسئلہ اس وقت پیدا ہوا جب بی سی سی آئی نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو ہدایت کی کہ مستفیض الرحمن کو آئی پی ایل 2026 کے سکواڈ سے ہٹا دیا جائے ۔ مستفیض کی برطرفی کے بعد بنگلہ دیش کی حکومت نے ملک میں آئی پی ایل کی نشریات پر پابندی لگا دی اور بی سی بی نے آئی سی سی کو ایک خط بھیجا جس میں اس کے ٹی 20ورلڈ کپ کے میچز بھارت میں کھیلنے سے انکار کیا گیا ۔دوسری طرف بھارت کی جانب سے کرکٹ کو سیاست زدہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور انڈر19 ورلڈ کپ میں بھی بھارتی کپتان نے ٹاس کے وقت بنگلہ دیشی کپتان سے ہاتھ نہیں ملایا اورمیچ کے اختتام پر بھی کھلاڑیوں نے مصافحہ نہیں کیا۔ آئی سی سی کے ایونٹ میں پہلی بار یہ واقعہ ہوا ہے ۔

بھارت کی جانب سے ہاتھ نہ ملانے کے عمل کی بنیاد پچھلے سال ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی میں رکھی گئی تھی جب پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ کے موقع پر بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا سے ہاتھ نہیں ملایا۔ انڈر 19 ایشیا کپ کرکٹ میں بھی پاکستان اور بھارت کے کھلاڑیوں نے ہینڈ شیک نہیں کیا تھا جبکہ اس دوران دیگر کھیلوں میں پاکستان اور بھارتی کھلاڑی ایک دوسرے سے ہاتھ ملاتے رہے ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں