ورلڈکپ پاکستانی ٹیم کیلئے موسم رن ریٹ بہتر رکھنا چیلنج
7فروری کو کولمبو میں دوپہر سے شام تک بارش ہونے کا امکان زیادہ، نیدرلینڈز کی خلاف میچ متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ گیامیچ واش آؤٹ ہوا تو پاکستان کو ممکنہ طور پر باقی تینوں گروپ میچ جیتنے ہونگے نیٹ رن ریٹ کو نمایاں طور پر بہتر کرنا ہو گا
کولمبو(سپورٹس ڈیسک)حکومتِ پاکستان نے قومی کرکٹ ٹیم کو آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے تاہم بھارت کے خلاف شیڈول میچ کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرنے کے فیصلے کی وجہ سے قومی ٹیم ٹورنامنٹ کے آغاز میں ہی مشکل پوزیشن میں ہے ۔آئی سی سی کے قوانین کے تحت جو ٹیم میچ کا بائیکاٹ کرتی ہے وہ میچ ہار جاتی ہے اور اس حساب سے قومی ٹیم پاک بھارت میچ سے ملنے والے 2 پوائنٹس کھو دے گی۔پاکستان کو گروپ اے میں بھارت، نیدرلینڈز، امریکا اور نمیبیا کے ساتھ رکھا گیا ہے اور قومی ٹیم تمام گروپ میچز کولمبو میں کھیلے گی۔
ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء میں قومی ٹیم اپنا پہلا میچ 7 فروری کو کولمبو میں نیدرلینڈز کے خلاف صبح ساڑھے 10 بجے کھیلے گی، دوسرا میچ 10 فروری کو امریکا اور تیسرا میچ 18 فروری کو نمیبیا کے خلاف کھیلے گی جبکہ 15 فروری کو بھارت کے خلاف شیڈول میچ کے بائیکاٹ کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے ۔قومی ٹیم کے لیے کولمبو کے موسم نے ایونٹ کی صورتحال کو مزید تشویش ناک بنا دیا ہے ۔بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق 7 فروری کو کولمبو میں ہلکی ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے ۔ رپورٹ کے مطابق کولمبو میں دوپہر سے شام تک بارش ہونے کا امکان زیادہ ہے اور صبح کے وقت موسم جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے ۔اگر بارش کی وجہ سے نیدرلینڈز کے خلاف میچ واش آؤٹ ہوا تو ایونٹ کے اگلے مرحلے میں قومی ٹیم کے داخل ہونے کا امکان مزید کم ہو سکتا ہے ۔پاکستان کو ممکنہ طور پر باقی تینوں گروپ میچ جیتنے ہوں گے اور اپنے نیٹ رن ریٹ کو نمایاں طور پر بہتر کرنا ہو گا۔