دی ہنڈرڈ میں ابرار کے معاہدے پر بھارتی میڈیا کا نیا شوشہ
ابرار احمد کی دستیابی ان کی قومی ذمہ داریوں کے ساتھ ٹکرا سکتی :رپورٹ
لاہور(سپورٹس ڈیسک )انگلینڈ کی کرکٹ لیگ دی ہنڈرڈ میں بھارتی ملکیتی فرنچائز سے ابرار احمد کے معاہدے سے متعلق این او سی پر بھارتی میڈیا نے نیا شوشہ چھوڑ دیا اور ابرار احمد کی دی ہنڈرڈ لیگ میں شرکت پر ویسٹ انڈیز کی سیریز آڑے لے آیا۔میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دی ہنڈرڈ لیگ میں ابرار احمد کا نہ کھیلنے کا امکان ہے ۔ نیشنل ڈیوٹی کی وجہ سے ابرار احمد کی دی ہنڈرڈ لیگ میں شرکت مشکوک ہے ۔ دی ہنڈرڈ کے لیے ابرار احمد کی دستیابی ان کی قومی ذمہ داریوں کے ساتھ ٹکرا سکتی ہے ۔رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان نے دی ہنڈرڈ لیگ کی ونڈو کے دوران ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے 15 جولائی سے 7 اگست تک ویسٹ انڈیز کا دورہ کرنا ہے جہاں دو ٹیسٹ اور ایک چار روزہ وارم اپ میچ کی سیریز کھیلنا ہے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق دی ہنڈرڈ لیگ 21 جولائی سے 16 اگست کے درمیان کھیلی جائے گی، دی ہنڈرڈ لیگ میں شرکت کے لیے ابرار احمد کو این او سی درکار ہوگا۔ خیال رہے کہ ابرار احمد نے اپنا آخری ٹیسٹ جنوری 2025 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا تھا۔