پاکستان سپر لیگ کنگز کی چڑھائی سے گلیڈی ایٹرز سرنگوں
کراچی کنگز کے 182 رنز کے ہدف تعاقب میں گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنا سکی احمد دانیال نے 3،کنگز کی جانب سے حسن علی نے 4کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ،انگلش آل راؤنڈر معین علی مین آف دی میچ قرار
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پی ایس ایل میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 14 رنز سے شکست دیدی۔کراچی کنگز کے 182 رنز کے ہدف تعاقب میں گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنا سکی۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں جاری ایونٹ کے دوسرے میچ میں گلیڈی ایٹرز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کراچی کنگز نے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز سکور کیے ۔گلیڈی ایٹرز نے پہلے ہی اوور محمد وسیم کو صرف تین رنز پر آؤٹ کر کے کراچی کنگز کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی۔ سلمان علی آغا نے کپتان ڈیوڈ وارنر کے ساتھ مل کر 41 رنز کی شراکت داری قائم کی تاہم چوتھے اوور میں وہ بھی ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔
انگلش آل راؤنڈر معین علی نے 29 گیندوں پر چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 48 رنز ناٹ آؤٹ بنائے ، کپتان ڈیوڈ وارنر 35، سعد بیگ 30، سلمان آغا 22، اعظم خان 14، خوشدل شاہ 12، شاہد عزیز 8 اور محمد نعیم 0 کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوئے ۔گلیڈی ایٹرز کی جانب سے احمد دانیال نے 3 اور الزاری جوزف نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عثمان طارق اور ابرار احمد نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنا سکی۔گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شامل حسین 52 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ کپتان سعود شکیل 33، رائلی روسو 25، حسن نواز 19، احمد دانیال 4، خواجہ نافع 3 اور ٹام کرن 0 کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوئے ۔بین مکڈرموٹ 25 اور الزاری جوزف 3 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سلمان آغا، معین علی اور ایڈم زمپا نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔انگلش آل راؤنڈر معین علی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔