پی ایس ایل:بال ٹیمپرنگ پر فخرزمان2میچوں کیلئے معطل

پی ایس ایل:بال ٹیمپرنگ پر فخرزمان2میچوں کیلئے معطل

میچ ریفری روشن مہانامہ نے تمام شواہد کا جائزہ لینے اور کھلاڑی کو مؤقف پیش کرنے کا موقع دینے کے بعد انہیں قصوروار قرار دیا لیول تھری خلاف ورزی کی پہلی بارکم از کم سزا ایک اور زیادہ سے زیادہ دو میچز کی پابندی ہوتی ہے فخر کو زیادہ سے زیادہ سزا سنائی گئی

لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فخر زمان کو دو میچوں کے لیے معطل کر دیا گیاہے ۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق یہ واقعہ 29 مارچ کو لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ کے آخری لمحات میں پیش آیا، جب امپائرز نے لاہور قلندرز پر پانچ رنز کی پنالٹی عائد کی اور آخری اوور سے قبل گیند تبدیل کی گئی۔امپائرز نے فخر زمان پر الزام عائد کیا تاہم انہوں نے اس کی تردید کرتے ہوئے باقاعدہ سماعت میں اپنا دفاع پیش کیا۔ میچ ریفری روشن مہانامہ نے تمام شواہد کا جائزہ لینے اور کھلاڑی کو مؤقف پیش کرنے کا موقع دینے کے بعد انہیں قصوروار قرار دیا۔ سماعت کے دوران ٹیم کپتان شاہین شاہ آفریدی سمیت ٹیم انتظامیہ بھی موجود تھی۔ضابطہ اخلاق کے تحت گیند کی حالت میں غیر قانونی تبدیلی جرم ہے ، جس میں جان بوجھ کر گیند کو نقصان پہنچانا، کسی قسم کا مادہ لگانا، سیون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنا یا ناخن وغیرہ سے گیند کی سطح خراب کرنا شامل ہے ۔پابندی کے باعث فخر زمان اپنی ٹیم کے آئندہ دو اہم میچز میں شرکت نہیں کر سکیں گے جن میں ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف مقابلے شامل ہیں۔لیول تھری خلاف ورزی کی پہلی مرتبہ سزا کم از کم ایک اور زیادہ سے زیادہ دو میچز کی پابندی ہوتی ہے اور فخر زمان کو زیادہ سے زیادہ سزا یعنی دو میچز کی معطلی سنائی گئی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں