ایشین فٹبال کپ کوالیفائرز،میانمار نے پاکستان کو ہرا دیا

ایشین فٹبال کپ کوالیفائرز،میانمار نے پاکستان کو ہرا دیا

میچ میں کوچز کی ناقص حکمت عملی کے باعث ٹیم کو دس پلیئرز سے کھیلنا پڑا

اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)ایشین کپ کوالیفائرز 2027 میں پاکستان اور میانمار کے درمیان کھیلے گئے میچ میں میانمار نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی۔ جناح سٹیڈیم اسلام آباد میں حکومتی ہدایات کے تحت کلوز ڈور کھیلے گئے میچ کاپہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر ختم ہوا۔دوسرے ہاف کے آغاز میں ہی 47ویں منٹ میں میانمار کو برتری حاصل ہوگئی، جب پاکستانی کھلاڑی کی غلطی سے گیند اپنے ہی گول میں چلی گئی۔ کھلاڑی نے گیند گول کیپر کی جانب پھینکی، تاہم گول کیپر اسے روکنے میں ناکام رہا اور یوں میانمار کو پہلا گول مل گیا۔میانمار نے اپنی برتری کو مزید مستحکم کرتے ہوئے 59ویں منٹ میں دوسرا گول بھی سکور کر لیا۔ پاکستان نے 91ویں منٹ میں اپنا پہلا گول سکور کیا، تاہم یہ گول شکست سے بچانے کے لیے کافی ثابت نہ ہو سکا۔ میچ میں کوچز کی مبینہ ناقص حکمت عملی کے باعث میزبان پاکستانی ٹیم کو دوسرے ہاف میں گیارہ کی بجائے دس کھلاڑیوں سے کھیلنا پڑا۔ فٹ بال کے نئے قوانین کے تحت بین الاقوامی میچز اور آفیشل مقابلوں میں اب ایک ٹیم کو 5 کھلاڑی تبدیل کرنے کی اجازت ہوتی ہے ۔ پاکستانی کوچز نے پہلے ہاف میں نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے کیلئے 5 کھلاڑی تبدیل کر لیے اور جب دوسرے ہاف میں قومی ٹیم کا ایک کھلاڑی زخمی ہوا تو ٹیم 10 کھلاڑیوں سے کھیلتی رہی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں