انڈر 18نیشنل ہاکی ، زائد العمر 9پلیئر کی شرکت روک دی
انڈر 18نیشنل ہاکی ، زائد العمر 9پلیئر کی شرکت روک دی حقدار نوجوان ایتھلیٹس کیلئے منصفانہ مقابلے پر یقین رکھتے ہیں،پی ایچ ایف
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے 9 کھلاڑیوں کو انڈر 18 نیشنل ہاکی چیمپئن شپ میں شرکت سے روک دیا، سکروٹنی کمیٹی نے عمر کی غلط بیانی اور زائد العمر ہونے کی بنیاد پر فیصلہ کیا۔ نادرا کے فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کے ذریعے سخت تصدیقی عمل کیا گیا، جس سے اس بات کی تصدیق ہوئی کہ کھلاڑی مقررہ عمر کی حد سے تجاوز کر چکے تھے ۔ ہاکی فیڈریشن نے یکم جنوری 2008 کے بعد پیدا کھلاڑیوں کو اہل قرار دیا۔ سندھ کی ٹیم میں اکثر کھلاڑی زائد العمر شامل ہونے کا دعویٰ سامنے آیا۔
سندھ ٹو ٹیم کے پانچ کھلاڑیوں کی تاریخ پیدائش 2002 نکلی، سندھ ہاکی ایسوسی ایشن پر جعلی دستاویزات جمع کرانے کا الزام سامنے آیا۔ سیکرٹری رمضان جمالی اور منیجر اسلم نیازی پر سنگین الزامات لگے ، عدالت کے حکم کے باوجود متنازعہ ٹیم کو شامل کرنے کا انکشاف ہوا۔ ٹیم منیجر نے حلف نامے میں اوور ایج کھلاڑیوں کی تردید کی تاہم اوور ایج کھلاڑیوں کے نام اور ثبوت سامنے آگئے ۔ سندھ II ٹیم میں اوور ایج کھلاڑیوں میں زوہیب علی، فیاض احمد، فیصل شاہ، علی جہانزیب اور علی رضا شامل ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ پی ایچ ایف شفافیت اور میرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے حقدار نوجوان ایتھلیٹس کیلئے منصفانہ مقابلے پر یقین رکھتی ہے ۔