فیفاورلڈ کپ،ایرانی ٹیم کا 14روز قبل امریکا پہنچنے کا منصوبہ
تہران (سپورٹس ڈیسک)ایران کی قومی فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ امیر قالنویی نے کہا ہے کہ ٹیم 2026 فیفا ورلڈ کپ کے آغاز سے۔۔
14 روز قبل امریکا پہنچنے کا منصوبہ بنا رہی ہے تاکہ عالمی ایونٹ کی بھرپور تیاری کی جاسکے اور کھلاڑی وہاں کے ماحول سے ہم آہنگ ہو سکیں۔ ہیڈ کوچ امیر قالنویی نے کہا ہے کہ ٹیم کو ورلڈ کپ سے قبل مزید دو یا تین معیاری وارم اپ میچز کی ضرورت ہے ۔ ایران کی ٹیم 16 مئی کو تربیتی کیمپ کے لئے ترکیہ روانہ ہوگی جہاں وہ دو ہفتے قیام کرے گی۔ ایران فٹبال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج نے کہا کہ ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے بہترین فیصلے کیے جا رہے ہیں۔ ایران کو گروپ جی میں شامل کیا گیا ہے اور وہ اپنے پہلے میچ میں 15 جون کو لاس اینجلس میں نیوزی لینڈ کا سامنا کرے گا، جبکہ 21 جون کو اسی مقام پر بیلجیم سے مقابلہ ہوگا۔ ایران اپنا آخری گروپ میچ 26 جون کو سیاٹل میں مصر کے خلاف کھیلے گا۔