گجرات میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سی سی ڈی اہلکار شہید

گجرات میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سی سی ڈی اہلکار شہید

کانسٹیبل فیاض حسین ملزموں کی ریکی کر رہا تھا، ہسپتال میں دم توڑ گیا مبینہ مقابلے ،حجرہ شاہ مقیم میں 2، پاکپتن میں ایک زخمی ملزم گرفتار

 

لاہور (کرائم رپورٹر ،نمائندگان دنیا)گجرات میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سی سی ڈی کانسٹیبل شہید ہو گیا،دوسری طرف مختلف شہروں میں مبینہ مقابلوں میں 3ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق گجرات میں خطرناک ملزموں نے ان کی ریکی  کرنیوالے سی سی ڈی کانسٹیبل فیاض حسین پر فائرنگ کر دی ۔ترجمان سی سی ڈی کے مطابق ملزموں کی فائرنگ سے کانسٹیبل فیاض حسین شدید زخمی ہو گیا، زخمی کانسٹیبل کو فوری ہسپتال پہنچایا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا ، پولیس کی بھاری نفری ہسپتال اور موقع پر پہنچ گئی ۔شہید کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھجوا دیا گیا ۔ ترجمان کے مطابق ملوث ملزمان کا تعاقب کیا جا رہا ہے ۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے شہید کانسٹیبل فیاض حسین کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے کہا ہے کہ شہید اہلکار کے اہل خانہ کی مکمل دیکھ بھال، ویلفیئر اولین ترجیح ہے ،ملزموں کی فوری گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ ادھر حجرہ شاہ مقیم میں تھانہ ڈھلیانہ کے علاقہ پل فتیانہ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 2 خطرناک ڈاکو خالد جٹ اور مبارک علی میؤ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہوگئے جبکہ ان کے ساتھی فرار ہو گئے ،پولیس نے زخمی ڈاکوؤں کو ہسپتال منتقل کر دیا ۔ جبکہ پاکپتن میں تھانہ صدر کے علاقہ پیر غنی کے قریب بھی مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران ایک ملزم آصف علی کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ، زخمی ملزم کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، پولیس نے تلاش شروع کر دی ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں