ایران امریکا ڈیل کی امید ،عالمی منڈی میں تیل سستا

ایران امریکا ڈیل کی امید ،عالمی منڈی میں تیل سستا

برطانوی خام تیل 96.6ڈالر،امریکی خام تیل 89.87ڈالر فی بیرل ہوگیا عالمی سٹاک مارکیٹوں میں مثبت رجحان،عالمی معیشت پراثرات مثبت:تجزیہ کار

واشنگٹن (اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا  اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے کی خبروں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ عالمی سٹاک مارکیٹوں میں بھی مثبت رجحان دیکھنے میں آیا۔عالمی مارکیٹ میں برطانوی خام تیل برینٹ کروڈ کی قیمت 5.1 فیصد کمی کے بعد 96 ڈالر 6 سینٹ فی بیرل پر آ گئی جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی)تیل 5.5 فیصد سستا ہو کر 89 ڈالر 87 سینٹ فی بیرل میں فروخت ہوا۔معاشی ماہرین کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں کمی امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ جنگ بندی اور معاہدے کی خبروں کے باعث سامنے آئی۔ یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک روز قبل پراجیکٹ فریڈم عارضی طور پر روکنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد بھی عالمی تیل مارکیٹ میں کمی دیکھی گئی تھی۔ دوسری جانب یورپی اور ایشیائی سٹاک مارکیٹوں میں مثبت رجحان فروغ پارہاہے ۔معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر واشنگٹن اور تہران کے درمیان معاہدہ طے پا جاتا ہے تو عالمی تیل مارکیٹ میں استحکام آئے گا، خطے میں کشیدگی کم ہوگی اور عالمی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں