آئی پی ایل :پلیئرز کیخلاف بی سی سی آئی کا سخت ایکشن
آئی پی ایل :پلیئرز کیخلاف بی سی سی آئی کا سخت ایکشن نامناسب تعلقات، بلیک میلنگ سے بچنے کیلئے اچانک ہوٹل چیکنگ کی جائے گی
نئی دہلی (سپورٹس ڈیسک)بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی)نے انڈین پریمیئر لیگ کے دوران کھلاڑیوں اور ٹیم عہدیداروں کے لیے سخت ضابطے نافذ کر دئیے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیواجیت سیکیا کی جانب سے تمام 10 فرنچائزز کو 7 صفحات پر مشتمل ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے ۔ہدایت نامے میں غیر مجاز افراد کے ٹیم کے ہوٹلوں اور کھلاڑیوں کے کمروں تک رسائی پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ہدایت نامے میں بی سی سی آئی نے خبردار کیا کہ نامناسب اور رومانوی تعلقات، بلیک میلنگ اور جنسی بدسلوکی جیسے سنگین معاملات سے بچنے کے لیے اچانک ہوٹل چیکنگ کی جائے گی، بورڈ اور آئی پی ایل انتظامیہ پر مشتمل خصوصی ٹیم کھلاڑیوں کے کمروں اور ہوٹل میں سرگرمیوں کی نگرانی کرے گی۔ہدایت نامے کے مطابق کسی بھی کھلاڑی یا آفیشل کے کمرے میں بغیر اجازت کسی شخص کے داخلے کی اجازت نہیں ہو گی چاہے اس کا تعلق کھلاڑی سے ذاتی نوعیت کا ہی کیوں نہ ہو، بی سی سی آئی نے واضح کیا ہے کہ ضابطوں کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس، جرمانہ، معطلی یا نااہلی جیسی سخت کارروائی کی جا سکتی ہے ۔