میر پور ٹیسٹ:عباس کی5 وکٹیں،اذان اویس کا شاندار ڈیبیو
دوسرے روز اذان 85، عبداللہ فضل 37رنز بناکر کریز پر موجود ،قومی ٹیم کے بنگلہ دیش کے 413رنز کے جواب میں ایک وکٹ پر 179رنز
لاہور(سپورٹس ڈیسک )بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں محمد عباس نے 5 وکٹیں لے لیں جبکہ اذان اویس کے شاندار ڈیبیو نے پاکستان کی پوزیشن مستحکم کردی۔ میرپور میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک پاکستان نے بنگلہ دیش کے 413 رنز کے جواب میں ایک وکٹ کے نقصان پر 179 رنز بنالیے ہیں۔اذان اویس 85 اور عبداللہ فضل 37 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔ امام الحق 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔بنگلہ دیش کی جانب سے واحد وکٹ مہدی حسن میراز نے حاصل کی۔اس سے قبل بنگلہ دیش نے 301 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر بیٹنگ کا آغاز کیا تو کوئی کھلاڑی زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکا اور پوری ٹیم 413 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔لٹن داس 33، مہدی حسن میراز 10، تیج الاسلام 17، مشفق الرحیم 71، عبادت حسین صفر اور تسکین احمد 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے 5، شاہین آفریدی نے 3 جبکہ حسن علی اور نعمان علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔یاد رہے کہ دو روز قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تو پہلے روز بنگلہ دیش نے نجم الحسن کے 101 اور مومن الحق کے 91 رنز کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 4 وکٹوں کے نقصان پر 301 رنز بنائے تھے ۔