نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ جاری
کیمپ کا مقصد عالمی سطح پر پاکستان کی کھوئی ساکھ بحال کرنا :ترجمان پی ایچ ایف محی الدین وانی کا نصیر بندہ سٹیڈیم میں انڈر 18 نیشنل ہاکی کے تربیتی کیمپ کا دورہ
لاہور،اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک ) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں سینئر قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ بھرپور انداز میں جاری ہے ،جہاں قومی کھلاڑی ایف آئی ایچ پروہاکی لیگ کی تیاریوں کے سلسلہ میں سخت محنت کر رہے ہیں۔کیمپ میں صبح اور شام کے سیشنز کے دوران کھلاڑیوں کو جدید ٹیکنیکل ڈرلز اور ہائی انٹینسٹی فٹنس ٹریننگ کروائی جا رہی ہے تاکہ انہیں عالمی معیار کے مقابلوں کے لئے مکمل طور پر تیار کیا جا سکے ۔ترجمان پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق ماہر کوچز کی نگرانی میں کھلاڑیوں کی جسمانی فٹنس،رفتار اور باہمی ہم آہنگی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔
کیمپ کا مقصد جدید ہاکی کے تقاضوں کے مطابق قومی ٹیم کی حکمت عملی کو مزید مضبوط بنانا اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی کھوئی ہوئی ساکھ بحال کرنا ہے ۔پی ایچ ایف حکام کا کہنا ہے کہ قومی کھلاڑی جذبے اور عزم کے ساتھ ٹریننگ میں حصہ لے رہے ہیں اور پوری قوم کو امید ہے کہ گرین شرٹس عالمی میدانوں میں کامیابی حاصل کر کے پاکستان کا نام روشن کریگی۔ادھرصدر پی ایچ ایف محی الدین احمد وانی نے اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم میں انڈر 18 نیشنل ہاکی کے تربیتی کیمپ کا دورہ کیا اورکہا کہ میں نے کھلاڑیوں سے کہا کہ اپنی کارکردگی اور کردار دونوں کے ذریعے بہترین سفیر کے طور پر پاکستان کی نمائندگی کریں۔ میچز جیتنا، لیکن کردار اور عزت کے ساتھ جیتنا زیادہ اہمیت رکھتا ہے ۔