اسٹاک ایکسچینج:پورا ہفتہ مندی، انڈیکس 3.22فیصد کم ہوا
ہفتہ وار بلند ترین سطح 1لاکھ 71ہزار 571، کم ترین 1لاکھ 65ہزار 291رہی ایران امریکا کشیدگی، پٹرولیم قیمتوں میں عالمی اضافہ مارکیٹ پر اثر انداز ہوا، ماہرین
کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج پورا ہفتہ مندی کی لپیٹ میں رہا، جس سے بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں نمایاں کمی ہوئی۔ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق100 انڈیکس 5,519 پوائنٹس کمی کیساتھ 3.22فیصد گر کر 165,596 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ رپورٹ کے مطابق ہفتے کے دوران انڈیکس کی بلند ترین سطح 171,571 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح 165,291 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی، تجزیہ کاروں کے مطابق ایران امریکا کشیدگی اور عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا بڑھنا اسٹاک ایکسچینج کو مسلسل دباؤ میں مبتلا کرگیا، علاوہ ازیں یہ اتار چڑھاؤ زیادہ ترمعاشی اشاریوں اور سرمایہ کاروں کے محتاط رویے کا نتیجہ رہا، کاروباری سرگرمیوں کا جائزہ لیا جائے تو ایک ہفتے کے دوران 127 ارب روپے مالیت کے 4 ارب 13 کروڑ شیئرز کا لین دین ہوا، تاہم مجموعی کاروباری حجم میں 39 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جو مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی محدود دلچسپی کو ظاہر کرتی ہے ، اس دوران مارکیٹ کیپٹلائزیشن کی مجموعی مالیت 513 ارب روپے کم ہو کر 18 ہزار 389 ارب روپے تک محدود ہو گئی، سیکٹرل بنیادوں پر دیکھا جائے تو آئل اینڈ گیس، فارماسیوٹیکل، سیمنٹ اور آٹو موبائل شعبوں میں نمایاں کاروبار دیکھنے میں آیا، تاہم مجموعی طور پر ان شعبوں میں بھی فروخت کا دباؤ غالب رہا، ماہرین کے مطابق آئندہ ہفتے مارکیٹ کی سمت کا انحصار ملکی معاشی پالیسیوں، بیرونی مالیاتی صورتحال اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی پر ہوگا، جبکہ مثبت پیش رفت کی صورت میں مارکیٹ میں استحکام واپس آ سکتا ہے۔